لاہور ( خبر نگار ) مین مال روڈ پر پلازے کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف بلدیہ عظمیٰ کے ارباب اختیار نے حرکت میں آتے ہوئے پلازے کی تعمیر تو رکوا دی ہے لیکن لاکھوں روپے رشوت کے عوض سہولت کاری فراہم کرنے والے ذمہ دار افسران و اہلکاران کے خلاف کارروائی پر خاموشی اختیار کر لی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ چوہدری سلیم کی طبی بنیادوں پر رخصت کے دنوں میں اس عہدے کا اختیار مصطفی معظم کو دیا گیاتو ہنگامی بنیادوں پر مذکورہ پلازے کی تعمیر شروع کروا دی گئی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیف افسر اور سابق میٹروپولیٹن افسر پلاننگ نے اس کام کی انجام دہی کیلئے داتا گنج بخش زون کے بلڈنگ انسپکٹر تنویر حسین کو فرنٹ مین بنا کر پیش کیا گیا اور مین مال روڈ پر غیر قانونی تعمیر ہونے والے مذکورہ پلازے کی سہولت کاری فراہم کرنے کیلئے مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے کی ڈیل کی۔ کڑی نگرانی کے ذریعے مذکورہ پلازے کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے دن رات مزدور سے کام لیا جاتا رہا، یہی وجہ ہے کہ تھوڑے ہی دنوں میں پلازے کے تین فلور مکمل کر لئے گئے۔ چناچہ ”مشرق“ اخبار میں خبر شائع ہونے کے بعد پلازے کی تعمیر کو فوری طور پر رکوا دیا گیا ہے جبکہ ڈیمولیشن اور ایف آئی آر کے لئے سفارشار ات ایم او پلاننگ آفس کو موصول ہو چکی ہیں جس پر آئندہ چند روز میں فیصلہ متوقع ہے۔ لیکن یہاں حیران کن اور قابل تشویش بات یہ ہے کہ ایم او پلاننگ چوہدری سلیم کو واپس آئے ہوئے ایک ماہ ہو چکا ہے جبکہ بلڈنگ انسپکٹر نعمان کو تنویر حسین کی جگہ پر تعینات ہوئے بھی اچھا خاصا وقت گزر گیا ہے لیکن مین مال روڈ پر تعمیر ہونے والا یہ غیر قانونی پلازہ انہیں نظر کیوں نہیں آیا؟ اب اگر محکمہ حرکت میں آ ہی گیا ہے کہ تو سابقہ اور حالیہ ذمہ داران کے خلاف ایکشن لینے میں بیزاری کیوں ظاہر کی جارہی ہے۔
بلدیہ عظمیٰ کے ارباب اختیار کا ایکشن، مال روڈ پر غیرقانونی پلازے کی تعمیر بند،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی پر خاموشی
















