ڈسکہ میں شہریوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول خواب بن گیا

ڈسکہ:(محمد امین خان) ڈرائیونگ لائسنس تاخیر سے شہریوں کو ملنے لگے، بیشتر شہری لائسنس کے حصول کیلئے در بدر ہونے لگے،ٹریفک پولیس نے لائسنس کا حصول انتہائی مشکل بنا دیا۔

سیالکوٹ،ڈسکہ میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول انتہائی مشکل ہو چکا ہے جبکہ ٹیسٹ پاس کر جانے والے درجنوں شہری لائسنس کے انتظار میں ہیں اور کئی کئی مہینے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس نہیں ملتا،ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنے والے شہری کا ریکارڈ اپ لوڈ کر کے لاہور بھیج دیا جاتا ہے اور لاہور سے لائسنس تیار ہونے کے بعد بذریعہ پاکستان پوسٹ ڈسکہ ایڈریس پر پہنچتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کئی مہینے گزر گئے ہیں، ڈرائیونگ لائسنس شہریوں کی دسترس سے دور ہو چکا ہے پاکستان پوسٹ بھی لائسنس ڈسکہ پہنچنے پر فوری شہری کو فراہم کرنے کے بجائے ٹریفک دفتر بھیج دیتی ہے جہاں سے ملنا بھی مشکل ہے،شہری حلقوں نے کہا ہے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول آسان اور لائسنس کے فوری اجرا کیلئے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔