الیکشن نہ لڑ سکا تو سپریم کورٹ جاوں گا، بانی پی ٹی آئی کا اعلان

اسلام آباد (مشرق نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن نہ لڑ سکا تو سپریم کورٹ جاوں گا۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سرٹیفائیڈ منی لانڈرر ہیں، شہباز شریف کیخلاف 24 ارب کے ثابت شدہ سکینڈلز کو معاف کر دیا گیا، بشریٰ بی بی ایک ٹرسٹی ہیں ، انکو کیوں گرفتار کریں گے؟ ٹرسٹ کی زمین کسی کی ملکیت نہیں ہو سکتی، شوکت خانم کی اربوں روپے کی زمینیں ہیں ، وہ بھی میری ملکیت نہیں ، بشری بی بی بھی ٹرسٹی ہے ایک ٹکہ بھی ہمارا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امجد خان کو ٹارچر کیا گیا تاکہ وہ الیکشن نہ لڑ سکے اور پارٹی چھڑائی جائے۔عمران خان کا کہنا تھا طاقت کے زور پر سارا قانون ختم کر دیا گیا، جو ہمارے ساتھ ہو رہا ہے کسی پارٹی کیساتھ ایسا نہیں ہوا۔