اسلام آباد،پشاور،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)”بلا“پھر مشکل میں،الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کافیصلہ چیلنج کردیا،سپریم کورٹ نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔
قبل ازیں رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کی درخواست اعتراض عائد کرکے واپسی کی گئی، رجسٹرار آفس نے اپیل کےساتھ منسلک دستاویزات نہ پڑھے جانے کا اعتراض عائد لگایا، الیکشن کمیشن نے اعتراض دور کرتے ہوئے درخواست دوبارہ جمع کرائی،اعتراض شدہ دستاویزات درخواست سے حذف کردی گئیں ،سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی درخواست جمعہ کو سماعت کےلئے مقرر کر دی۔
الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیاپی ٹی آئی نے انٹراپارٹی انتخابات الیکشن ایکٹ کے مطابق نہیں کرائے،پشاور ہائیکورٹ کافیصلہ کالعدم قرار دیاجائے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ سماعت کرےگا، جسٹس علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بنچ کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے پارٹی سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر شائع نہ کرنے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
قاضی انور اور شاہ فیصل الیاس کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیاعدالتی احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن نے ابھی تک پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا،عدالت کے واضح احکامات کے باوجود فریقین رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن کا اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے،پی ٹی آئی کی درخواست جمعہ کوسماعت کیلئے مقرر کردی گئی، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد پرمشتمل پشاور ہائیکورٹ کا 2رکنی بنچ سماعت کرےگا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاسپریم کورٹ سے بھی انصاف ملے گا،الیکشن کمیشن کو عدالتی حکم کا احترام کرنا چاہیے،جب تک سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں ہوتاتب تک انتخابی نشان بحال ہے، امید ہے بانی پی ٹی آئی کے باقی کیسز کے ٹرائل بھی کالعدم قرار پائینگے۔
”بلا “پھر مشکل میں،الیکشن کمیشن سپریم کورٹ جاپہنچا،درخواست سماعت کیلئے مقرر
















