99فیصد ٹکٹ فائنل،مخالفین سن لیں کوحلقہ خالی نہیں ملے گا:PTI

اسلام آباد،راولپنڈی :(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے کہاہے 99فیصد ٹکٹ فائنل کرلیے،24گھنٹے میں اعلان ہوگا،مخالفین سن لیں کوحلقہ خالی نہیں ملے گا۔

،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا تحریک انصاف اگلے 24 گھنٹے میں ٹکٹوں کیلئے نامزد ناموں کا اعلان کرے گی،ٹکٹوں کی 98 یا 99 فیصد افراد کی کنفرمیشن ہوچکی ہے، یہ فیصلہ اور منظوری ہوچکی ہے کہ کون کہاں انتخابات لڑرہا ہے، محض ایک یا 2 فیصد نشستوں پر کچھ معاملات ہیں جوطے ہونے ہیں، ایک دوروز میں ٹکٹوں کی تقسیم اور نامزد امیدواروں کا اعلان کردیا جائےگا، وکلا اور ورکرز کا کوئی تناسب نہیں تاہم وکلا کی کافی تعداد کو ٹکٹیں دی جارہی ہیں۔

ادھر اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا بانی پی ٹی آئی سے میٹنگ تھی، اڑھائی گھنٹے انتظار کرایا گیا مگر ملاقات نہیں ہو سکی،کہا گیا آج یا اگلے روز بدھ کو ملاقات کرا دی جائےگی، بانی پی ٹی آئی سے ٹکٹ کی وجہ سے ملاقات ضروری ہے، انہوںنے کہامخالفین کان کھول کر سن لیں کوئی حلقہ خالی نہیں ملے گا،ہم پرامید ہیں کہ عدلیہ کوئی اقدامات کرے گی، ہر پاکستانی کا حق ہے کہ وہ الیکشن کے پراسیس میں شامل ہو، پی ٹی آئی الیکشن جیتے گی، رات انٹرنیٹ ڈاون کیا گیا مگر لوگوں نے تعاون کیا ۔

دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا پشاور ہائیکورٹ میں کیس لگا ہوا ہے، امید ہے بلے کا نشان بحال ہوگا،آئین پر عمل کرانا سپریم کورٹ کا کام ہے، سپریم کورٹ کو ثبوت اور سی ڈیز جمع کرائی ہیں،انہوں نے کہا پارٹی کو کو کارنر میٹنگ تک کرنے نہیں دی جارہی،انہوںنے کہاہم انتخابات میں حصہ لیں گے، ہمارے پاس ایک متبادل پلان موجود ہے، شاہ محمود قریشی کو جس طرح اٹھایا گیا اس سے دنیا میں بدنامی ہوئی۔