ایس آر او 1842(1)2023میں فوری ترمیم کی جائے ،صدر لاہور چیمبر کا چیئرمین ایف بی آر کو خط

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کی طرف سے اٹھائے گئے تحفظات کو دور کرنے کیلئے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو،ملک امجد زبیر ٹوانہ کو ایک خط میں ایس آر او 1842(1)2023بتاریخ 21-دسمبر 2023میں ترامیم پر زور دیا ہے۔ ایک حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس رولز، 2006کے قاعدہ 150ZEAمیں ترمیم کی گئی ہے، خاص طور پر سیلز ٹیکس ایکٹ 1990کے سیکشن 2(43A)(g)کے تحت 1 Tier ریٹیلرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔نظرثانی شدہ اصول کے تحت، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کے سیکشن 236ایچ کے تحت کٹوتی کے قابل ودہولڈنگ ٹیکس والے ریٹیلرز جنہوں نے پچھلے 12مہینوں میں ایک لاکھ روپے تک کا ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کر چکے ہیں۔ اب پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ ضم ہونے کے پابند ہیں۔کاشف انور نے نشاندہی کی کہ یہ ترمیم 21 مختلف شعبوں /مصنوعات کے ریٹیلرز کو متاثر کریگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں تاجر برادری کی محنت کی وجہ سے 1000مربع فٹ کی شرط کو واپس لے لیا گیا تھا اور اب یہ 236 ایچ لگائی گئی ہے۔ بجائے اس کے کہ پرچون فروشوں کے ٹرن اوور کو بڑھایا جائے اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں دے کر ٹیکس کی شرح میں کمی کی جائے تاکہ غیر رجسٹرڈ افراد ٹیکس نیٹ میں آئیں۔صدر لاہورچیمبر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ نئے ضوابط کی تعمیل کیلئے ریکارڈ کی دیکھ بھال، سٹیٹمنٹ جمع کرانے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو رپورٹ کرنے کیلئے پروفیشنل اکاﺅنٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ مزید برآں، پوائنٹ آف سیل سسٹمز کی تنصیب سے ان پہلے سے معاشی طور پر مشکلات کا شکار ریٹیلرز کے اخراجات میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کے نظام میں راتوں رات آنا ممکن نہیں، اس سے ریٹیلرز کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ان لوگوں پر منفی اثر ڈال سکتا ہے جو پہلے ہی ٹیکس نیٹ میں ہیں اور اس طرح ان لوگوں کو بھی ٹیکس نیٹ سے دور رکھے گا جو پہلے ہی ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں۔لاہور چیمبر کے صدر نے اس کے ممکنہ اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بوجھ ریٹیلرز کیلئے شدید چیلنجز کا باعث بن سکتا ہے۔ تعمیل میں مشکلات کا نتیجہ جرمانے کی صورت میں نکل سکتا ہے، جو ان کے مالی دباﺅ میں اضافہ کریگا۔ کاشف انور نے اپنے خط میں ٹھوس حل تجویز کیا۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر پر زور دیا کہ وہ پوائنٹ آف سیل سسٹم کے انضمام کیلئے کٹوتی ودہولڈنگ ٹیکس کی مقررہ حد میں خاطر خواہ اضافہ کرتے ہوئے مذکورہ ایس آر او میں ترمیم پر غور کریں۔ خاص طور پر، انہوں نے کٹوتی کی حد کو پانچ لاکھ روپے تک بڑھانے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ یہ ایڈجسٹمنٹ ریٹیلرز کیلئے بہت مثبت نتائج کا باعث بنے گی اور انہیں کاروباری آسانی مہیا ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ اس اپیل کا نتیجہ ممکنہ طور پر ریٹیلرز کیلئے صورتحال کو بہتر کریگی جو ٹیکس کے بدلتے ہوئے ضوابط کی تعمیل میں آسانی کا تعین کر سکتا ہے۔