اسرائیل کا لبنان پرایک اور حملہ، سینئر حزب اللہ رہنما ساتھیوں سمیت شہید

بیروت،غزہ ،تل ابیب(مشرق نیوز ) جنوبی لبنان کے علاقے نقورا میں عمارت پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سینئر اہلکار حسین یزبیک سمیت 4 افراد شہید ہوگئے،عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ نے کہا ہے وہ اسرائیل کےساتھ جنگ سے نہیں ڈرتے لیکن بڑے پیمانے پر کشیدگی سے باز رہیں گے، حزب اللہ نے گزشتہ روز ایک بیان میں جنوبی لبنان میں رہنما حسین یزبک سمیت اپنے 4ارکان کی شہادت کا اعلان کیا،انہوں نے بتایا دیگر 3 مرنے والوں میں ابراہیم عفیف، ہادی علی رضا اور حسین علی محمد غزالہ شامل ہیں، واقعہ لبنانی حزب اللہ کے سیکر ٹری جنرل حسن نصراللہ کی تقریر کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھااگر اسرائیل لبنان کےخلاف جنگ چھیڑنے کا سوچتا ہے تو ہماری لڑائی سرحدوں اور ضوابط سے ماورا ہو گی،انہوں نے کہا حماس کے پولٹ بیورو کے نائب سربراہ صالح العاروری کا قتل بڑا اور خطرناک جرم ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا، دشمن اس کی سزا سے نہیں بچ سکے گا،دریں اثناءغزہ میں اسرائیل کی جارحیت کے باعث پیدا ہونے والی غذائی قلت نے شیر خوار بچوں کی زندگی بھی مشکل بنادی جہاں فاقہ کشی پر مجبور مائیں بچوں کو دودھ پلانے قابل بھی نہ رہیں،عرب میڈیا کے مطابق بین الاقوامی این جی او ایکشن ایڈ فلسطین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے اسرائیل کے غزہ میں وحشیانہ حملوں اور پابندیوں سے پیدا ہونے والی غذائی قلت سنگین صورتحال اختیار کرچکی ہے جس وجہ سے فاقہ کشی پر مجبور خواتین اپنے شیر خوار بچوں کو دودھ پلانے کے قابل بھی نہیں رہی ہیں، ہمارے پاس غزہ اور وہاں کے لوگوں کی انتہائی خطرناک صورتحال بیان کرنے کےلئے الفاظ نہیں ہیں، وہاں موجود تمام آبادی اس وقت بھوک کا شکار ہے جبکہ حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی مائیں اور ان کے شیر خوار بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہوچکے ہیں، وہاں سے ملنے والی داستانیں انتہائی دردناک ہیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے جنگ میں گھرے غزہ میں انسانی امداد کو مکمل طور پر بند کررکھا ہے جس سے ملبے کا ڈھیر بنے علاقے میں مسلسل مسائل بڑھ رہے ہیں،اس حوالے سے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے سربراہ نے کہا ہے غزہ میں امداد کی کمی اور اس کی سپلائی کی کئی وجوہات ہیں جن میں مسلسل اسرائیلی بمباری سب سے بڑی وجہ ہے، امدادی قافلوں پر بھی حملے کیے جارہے ہیں، فلسطینی سرزمین پر داخلے کےلئے امدادی ٹرکوں کو پہلے انسپیکشن کی ایک طویل لائن سے گزرنا پڑتا ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے ریجیکٹڈ مصنوعات کی فہرستیں بڑھتی جارہی ہیں،دوسری جانب امریکہ سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے گروپ نے کہا ہے اسرائیلی فلسطینیوں کو مٹانے کےلئے فاقہ کشی کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے،اسرائیل جہاں غزہ میں فاقہ کشی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے وہیں اس کے وحشیانہ عمل سے غذائی قلت کے سبب غزہ کے چڑیا گھر میں جانور بھی بھوک سے نڈھال ہیں۔