لوئر دیر(مشرق نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے ن لیگ،پیپلز پارٹی اور تبدیلی کے دعویداروں نے ملک تباہ کردیا، پارٹیاں شخصی و خاندانی بادشاہی چاہتی ہیں، 8فروری ملک میں خاندانی بادشاہت کے خواہشمند سیاسی برہمنوں کے سوگ،کشمیر کی آزادی،عافیہ کی واپسی کا دن ہو گا، حکمران اشرافیہ کا احتساب کوئی عدالت کر سکی نہ نیب اب عوام احتساب کریں گے۔
لوئر دیر تیمر گرہ میں جماعت اسلامی کے امیدوار قومی اسمبلی این اے 7 مولانا اسماعیل کے انتخابی دفتر کے افتتاح، این اے 6 میں ووٹرز سے گفتگو اور تاجروں،شہریوں ،مسیحی برادری کی جانب سے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاملک میں 13.6 ارب کی روزانہ کرپشن ہو رہی ہے، حکمران ٹولے کے پانامہ لیکس، پنڈورا پیپرز میں نام آئے یہ توشہ خانہ لوٹنے والے ہیں،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں،عوام 8 فروری کو جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کرکے ملک کا مستقبل محفوظ بنائیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہاکے پی بد امنی کی لپیٹ میں ہے، صوبے میں الیکشن کا التوا عوام کو قبول نہیں ہوگا، بعض لوگ الیکشن ملتوی کرنے کے حامی ہیں یہ شکست سے خوفزدہ ہیں، جماعت اسلامی ملک میں بروقت انتخابات چاہتی ہے،8 فروری کا الیکشن روشن خوشحال مستقبل کےلئے انتہائی ضروری ہے،قوم کو موقع مل رہا ہے وہ چاہے تو سٹیٹس کو برقرار رکھے اور چاہے تو پاکستان میں حقیقی تبدیلی کا انقلاب برپا کرے،ووٹ کی طاقت سے ملکی تقدیر بدلنے کا سنہری موقع ہے۔
8فروری خاندانی بادشاہت کے خواہشمند سیاسی برہمنوں کے سوگ کا دن ہو گا،سراج الحق

















