نااہل کیا جانا اعزاز،کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر سپریم کورٹ جاﺅں گا،شیخ رشید

راولپنڈی: (بیورورپورٹ)کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر سابق وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا۔

ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا قابل احترام آر او نے آدھے گھنٹے کے نوٹس پر مجھے کمشنر آفس طلب کیا،کاغذات کی سکروٹنی ہوئی، الزام لگا مری ریسٹ ہاوس ٹھہرنے کے پیسے ادا نہیں کیے، میں آج تک مری کے ریسٹ ہاوس نہیں ٹھہرا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاپیسے دینے کیلئے تیار ہوں، ایک زمین کے مچلکے کا الزام لگایا ڈکلیئر نہیں کی، میری اپنی جو بھی زمین ہے میرے نام پر ہے، سپریم کورٹ نے زمین کے کاغذات کے معاملے میں میرے حق میں فیصلہ دیا۔

شیخ رشید نے کہا آج تک ٹیکس نہیں چھپایا، مجھے نااہلی قبول ہے، نااہل کیا جانا میرے لیے اعزاز ہے، سپریم کورٹ تک جاوں گا،کئی مرتبہ وزیر رہا، 94 ہزار کی کرپشن کیوں کروں گا،غیر ذمہ دارانہ الزام واپس لیں، این اے 56 ،57 سے قلم دوات جیتے گی۔