قصور: (نامہ نگار)ڈرائیونگ لائسنس برانچ قصور میں عرصہ دراز سے کرپشن کا بازار گرم،ریکارڈ یافتہ کرپٹ انچارج لائسنس برانچ قصور سیف الرحمن کی سرپرستی میں رشوت لے کرڈرائیونگ لائسنس جاری ہونے کا انکشاف،ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب کو سپیشل برانچ قصور کی لائسنس برانچ میں ریکارڈ کرپشن کی رپورٹ پر ہونے والی انکوائری بھی کرپشن کی نظر ہوگئی،عوام نے آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب اور ڈی پی او قصور سے فوری نوٹس لےکر ہونےوالی کرپشن پر سخت ایکشن اور کرپٹ ملازمین کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس برانچ قصور میں عرصہ دراز سے کرپشن کا بازار گرم ہے اور ریکارڈ یافتہ کرپٹ انچارج لائسنس برانچ قصور سیف الرحمن کی سرپرستی میں گھناونا دھندہ جاری و ساری ہے،ضلع میں رشوت دیئے بغیر ڈرائیونگ لائسنس کا حصول ناممکن ہے،ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں ہونے والی کرپشن پر سپیشل برانچ کی رپورٹ اور ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب کی طرف سے کی گئی انکوائری کے باوجود کرپٹ اور ریکارڈ یافتہ ٹریفک ملازمین کا دوبارہ انہی سیٹوں پر براجمان ہونا ہمارے پولیس سسٹم اور کرپشن کےخلاف کام کرنےوالے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
ذرائع کے مطابق ریکارڈ یافتہ کرپٹ انچارج سیف الرحمن لاہور میں تعیناتی کے دوران رنگے ہاتھوں رشوت لیتے پکڑا گیا تھا جس کو اس کے SSP لیاقت اعوان نے Dismiss کر دیا تھا جوبااثر ہونے کے باعث دوبارہ بحال ہو گیا اور بحالی کے بعد قصور میں تعینات ہوا اور موجودہ تعیناتی سے قبل رینیول برانچ میں بھی کرپشن کرتا رہا ہے۔خدمت مرکز قصورمیں لرنر لائسنس بنوانے کے لیے آنیوالے افراد سے سرکاری فیس کے علاوہ رشوت وصول کی جارہی ہے۔
سیف الرحمن کے پرائیویٹ ٹاوٹ لائسنس ٹیسٹ پاس کرانے کے عوض رشوت وصول کر تے ہیں او بعد از دفتر ٹائم لائسنس برانچ ملازمین کے حوالے کردیتے ہیں،ذرائع کے مطابق لائسنس ٹیسٹ میں مختلف طریقوں سے امیدوار کو ”خفیہ مدد“ فراہم کی جاتی ہے مثلاً ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران ٹریک میں لگی ہوئی کونز کو پیچھے ہٹا کر راستہ کھلا کر دیا جاتا ہے، فیل ہونے والے امیدوار کو فیل نہیں بلکہ غیر حاضر لکھا جاتا ہے تاکہ امیدوار اگلے ہی ٹیسٹ میں شامل ہو سکے۔ اسی طرح کمپیوٹر ٹیسٹ کے دوران اشاروں کا ٹیسٹ پاس کروانے کیلئے ماو¿س کو بھی ٹریفک کا عملہ استعمال کرکے درست جواب کو سلیکٹ کرتا ہے۔جن امیدواروں سے ٹاوٹ مافیا، آفیسران و ملازمین ٹریفک پولیس رشوت وصول کرتے ہیں ان کو امیدواروں کو فارمیلٹی پوری کرنے کی غرض سے ٹیسٹ والے دن بلایا جاتا ہے اور بظاہر تمام ٹیسٹ لیے جاتے ہیں لیکن ٹیسٹ پاس کروانے کیلئے ان کی ہر”طریقے“ سے مدد کی جاتی ہے۔جن امیدواروں کی فائلز بذریعہ ٹاو¿ٹ آتی ہیں ان کو ڈرائیو کرتے ہوئے ٹیسٹ میں غلطی کرنے کی صورت میں 2/3 مرتبہ مزید موقع دیا جاتا ہے تاکہ و پاس ہو سکیں جس کا ریکارڈ بذریعہ کیمرہ بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔
سرکاری کیمرہ جات کے علاوہ ایک پرائیویٹ شخص بھی رکھا گیا ہے جو امیدواران کی ویڈیو بناتا ہے اور ہر امیدوار سے 400 روپے وصول کرتا ہے۔سرکاری ویڈیو ریکارڈنگ کی مکمل مانیٹرنگ قربان لائن لاہور سے ہوتی ہے مگر وہاں موجود عملہ لائنس برانچ کے انچارج سے بھی ساز باز کرکے ان کو رشوت اور تحفے تحائف بھجوائے جاتے ہیں۔اگر تمام ویڈیوریکارڈنگ کو دیکھا جائے تو ساری کرپشن عیاں ہو سکتی ہے۔اسی طرح ریونیول برانچ کے انچارج ساجد حسین نے بھی سرکاری ریونیول فیس 1200 کی بجائے5 ہزا روپے مقرر کر رکھی ہے۔عوام نے آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب اور ڈی پی او قصور سے فوری نوٹس لے کر ہونے والی کرپشن پر سخت ایکشن اور کرپٹ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس برانچ قصور میں کرپشن کا بازار گرم
















