لاہور (خبرنگار)وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں289 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،289 بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے137 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ13 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنوں میں1 انڈسٹریل،13 کمرشل اور293 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو332138 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت12313048 ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ 95روز سے جاری آپریشن کے دوران کل35211 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے34819 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں،33479 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر15858 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک57273810 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2243927577 ہے۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔دریں اثناءچیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدرکی زیرِصدارت آج لیسکو ہیڈکوارٹر میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سُنیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔ لیسکو کی خصوصی ای کچہری میں ڈی جی ایڈمن ضمیر حسین کلاچی، ڈائریکٹر ایچ آر نعمان غفور،ڈی جی امپلیمنٹیشن راجہ محمود ،چیف انجینئر آپریشنز سرور مغل ، منیجر کمپلینٹ سیل معصومہ عادل اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ لیسکو کے تمام سرکلز کے ایس ایز نے بھی فیس بک لنک کے ذریعے شرکت کی۔لیسکو کی جانب سے منعقد کی جانے والی ای کچہری میں ریجن کے تمام سرکلز کے صارفین بھی اپنے مسائل کے بروقت حل کے لئے بھرپور شرکت کرتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے ای کچہری میں موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کیں۔لیسکو چیف نے تمام سرکل سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ سیفٹی ہیزرڈ بننے والی تاروں کو فوری تبدیل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنا یا جائے کہ صارفین کو ان کی ریڈنگ کے مطابق بل جاری ہوں اور صارفین کی شکایات کے ازالے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔انہوں نے صارفین سے بھی درخواست کی کہ بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کریں۔واضح رہے کہ ہر ماہ لیسکو چیف اپنی ٹیم کے ہمراہ فیس بک پیج LESCO PMDU کے ذریعے عوام کی شکایات وصول کرتے ہیں جن کے فی الفور ازالے کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں ایس ڈی او کریم پارک نے اپنی ٹیم کے ہمراہ علاقے میں چیکنگ آپریشن کیا، دوران آپریشن ایک میٹر مشکوک پایا گیا تفصیلی چیکنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ علی نامی ملزم نے میٹر میں شنٹ لگاکر بجلی چوری کر رہا ہے ۔ لیسکو ٹیم نے میٹر کو قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف متعلقہ تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی ہے ۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے ملزم کو 5لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدرکا کہنا ہے کہ بجلی چوری کی مکمل خاتمے تک انسداد بجلی چوری مہم جاری رہے گی ، بجلی چوری چاہیے کتنا ہی طاقت ور اور بااثر کیوں نہ ہو اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا ۔ دوسری طرف لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں چیف انجینئرز تحصیلداروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ مہم کے90 ویں روز578 نا دہندگان سے ایک کروڑ18لاکھ روپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی۔2ماہ سے جاری مہم کے دوران52155ڈیفالٹرز سے ایک ارب59 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی گئی۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔علاوہ ازیں لیسکو نے گھریلو،چھوٹے کمرشل و صنعتی صارفین کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ایک سال سے زیر التواءنیو کنکشنوں کیلئے میٹرز کا اجراءکر دیا۔بتایا گیا ہے کہ لیسکو نے30نومبر 2023ءتک جمع ہونے والے ڈیمانڈ نوٹسز کے لئے میٹرز جاری کر دیئے،کمپنی نے 30نومبر تک کیلئے سنگل و تھری فیز میٹرز جاری کئے ہیں۔صارفین متعلقہ سب ڈویژن میں جمع ڈیمانڈ نوٹس کی کاپی دیکر میٹر حاصل کر سکتے ہیں۔
چوبیس گھنٹوں میں مزید 13 بجلی چور گرفتار، نادہندگان سے ڈیڑھ ارب سے زائد وصولی
















