غزہ پر مزید حملے،بچوں سمیت 200 شہید، امریکہ کا اسرائیل کو گولہ بارود دینے کا اعلان

غزہ، تل ابیب، جینوا، انقرہ، نیویارک، اوٹاوا (مشرق نیوز) غزہ پر اسرائیلی فوج نے مزید بم برسا دئیے، بچوں سمیت 200 شہید، سکول، ہسپتال، رہائشی عمارتیں، عبادتگاہیں سب کچھ ملیامیٹ، غذائی بحران سنگین ہوگیا۔ دوسری جانب امریکہ نے اسرائیل کو گولہ بارود دینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق غزہ پر جاری صیہونی حملوں میںایک روز میں مزید 200فلسطینی شہیدہوگئے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ پر میں7اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید ہونیوالوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے جبکہ حملوں میں 48ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے،اسرائیل نے جارحانہ کارروائیوں میں بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑادیں ، سکول ،ہسپتال، رہائشی عمارتیں ، عبادت گاہیں سب کچھ ملیا میٹ کردیا ، خان یونس، رفاح ، جبالیہ اور دیگر علاقوں پر حملوں میں کئی افراد ملبے تلے دب گئے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ویڈیو بیان میں کہاہے حماس کو ختم کرنے کےلئے جنگ جاری رہے گی ادھر امریکہ نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں انسانی بنیادوں پر غزہ میں جنگ بندی سے متعلق متحدہ عرب امارات کی قرارداد ویٹو کرنے کے بعد نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراسرائیل کو مزید گولہ بارود فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا،امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ہنگامی اختیارات استعمال کرتے ہوئے کانگریس کے جائزے کے بغیر ہی اسرائیل کو مزید 14 ہزار ٹینک کے گولے فروخت کرنے کی منظوری دیدی،امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے تقریباً 10 کروڑ 65 لاکھ ڈالر مالیت کے 14 ہزار ٹینک کے گولوں کی فروخت سے متعلق امریکی کانگریس کو آگاہ کر دیا گیا ہے،امریکی محکمہ خارجہ نے کہا آ رمز ایکسپورٹ کنٹرول میں ہنگامی صورتحال میں حاصل میں رعایت کے تحت اسرائیل کو ہتھیاروں کی فوری ضرورت ہے اس لیے فروخت کو معمول کے کانگریس کے جائزے سے بھی استثنیٰ دیا گیا ہے،برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ کی اسرائیل کو ٹینک کے گولوں کی فروخت 500 ملین ڈالر کی ایک بڑی ڈیل کا حصہ ہے جس کیلئے بائیڈن انتظامیہ نے کانگریس سے منظوری طلب کی تھی جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے انہیں افسوس ہے سلامتی کونسل غزہ پٹی میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے میں ناکام رہی،قطر کے دوحہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سلامتی کونسل میں تقسیم کی مذمت کی جس نے عالمی ادارے کو ”مفلوج“ کر دیا ہے،ترکیہ کی وزارت خارجہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے بارے میں امریکی موقف اورجنگ بندی سے متعلق سلامتی کونسل کی قرار داد کو امریکہ کی طرف سے ویٹو کیے جانے پر مکمل مایوسی ظاہر کی ہے، وزات خارجہ نے کہاہے قراردادویٹو کے بعد امریکہ دنیا میں تنہا رہ گیا ہے دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سعودی عرب، ترکیہ اور فلسطین کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی،غیرملکی میڈیا کے مطابق ان ملاقاتوں میں حماس تنازع پر تبادلہ خیال کیا گیا،رپورٹس کے مطابق شرکا نے غزہ کی سنگین انسانی صورتِ حال اور فوری جان بچانے والی انسانی امداد تک رسائی کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا،کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے بنا کسی خوف کے امن اور سلامتی کے ساتھ رہنے کے حق کےلئے کینیڈا کی حمایت کا اعادہ کیا دریں اثناءاقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے ایک بار پھر غزہ کی پٹی میں جنگ کے دوران بچوں کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیاہے، یونیسیف کی ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرق وسطی اور شمالی افریقہ عدیل خضر نے کہا ہے غزہ کی پٹی بچوں کےلئے دنیا کی سب سے خطرناک جگہ ہے علاوہ ازیں عالمی ادارہ خوراک کے مطابق غزہ میں 36فیصد گھرانے شدید بھوک کا شکار ہیں۔