لاہور (اپنے رپورٹر سے) چانسلر/گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے یہاں گورنر ہاﺅس لاہور میں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات پر قائم کنسورشیم کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سموگ کے مسلے کے حل کیلئے تجاویز اور اقدامات پر خصوصی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر سمیت مختلف سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر کنسورشیم کے کنوینئر سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور واجد نسیم جتوئی نے گورنر پنجاب کو کنسورشیم میں پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ سموگ ماحولیات کیلئے بہت بڑا مسئلہ ہے جس کے انسانی صحت پر بہت مضراثرات ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی حالات میں غیرمعمولی اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات ماحولیات پر کی گئی تحقیق اور ماہرین کے تجربات کی روشنی میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے مسئلہ کے حل میں کردار ادا کریں ۔انہوں نے چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر کو ہدایت کی کہ اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے روابط کو مضبوط بنائیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات کے طلبا سوشل میڈیا پر ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے متعلق عوام الناس میں آگہی پھیلانے کیلئے پیغامات کی تشہیر کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیاں اپنے وسائل سے سموگ جیسے مسلے کے حل اور ماحولیات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ شارٹ ٹرم سلوشنز پر فوری کام شروع کیا جائے۔ گورنر پنجاب نے مختلف سٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری محکموں کو سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے حتمی سفارشات تین دن کے اندر بھیجنے کی ہدایت بھی کی ۔بلیغ الرحمن اور بیگم گورنر عائشہ بلیغ ویل چیئر ریس کے شرکا سے ملے اور انہیں گورنر ہاﺅس لاہور میں خوش آمدید کہا۔اس موقع پر صدر پیرا اولمپکس ایسوسی ایشن ڈاکٹر خالد جمیل اور ویل چیئر ریس کے شرکا موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے میں برابر کے مواقع ملنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ آج گورنر ہاوس میں علامتی ریس کا انعقاد ہوا ہے ۔ انہوں نے ویل چیئر ریس کے شرکا سے کہا کہ گورنر ہاﺅس کے دروازے ان کیلئے کھلے ہیں، وہ جب چاہیں یہاں آ سکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہاﺅس لاہور میں پہلی دفعہ ویل چیئر ریمپس بنائے گئے ہیں جبکہ دربار ہال اور اوپر کے حصے تک رسائی کیلئے لفٹ لگائی جا رہی ہے جس میں بصارت سے محروم افراد کیلئے بریل زبان میں بھی سہولت موجود ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو بھی متوجہ کیا ہے کہ خصوصی افراد کیلئے سڑکوں پر خصوصی ٹریفک سگنلز لگائے جائیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کیلئے آواز والے ٹریفک کے اشاروں کی سہولت مہیا کی جانی چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور سب کو مل جل کر ایک ایسا معاشرہ بنانا ہے جس میں سب ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر آگے چلیں ۔ ریس کے اختتام پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے ریس جیتنے والے افراد میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ویل چیئر ریس کے شرکا نے گورنر پنجاب کا انہیں گورنر ہاﺅس مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
یونیورسٹیاں اپنے وسائل میں سموگ سے نبٹنے کیلئے اقدامات اٹھائیں: گورنر پنجاب

















