دبئی، موسمیاتی کانفرنس کے دوران ہال کے سامنے مظاہرہ
دبئی (مشرق نیوز) متحدہ عرب امارات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کے سلسلے میں ہونے والی عالمی کانفرنس کے دوران کانفرنس ہال کے قریب مظاہرین جمع ہو گئے۔ مظاہرین نے زمین پر بیٹھ کر اسرائیل حماس جنگ بندی کے لئے پر امن احتجاج کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اس طرح کی احتجاجی سرگرمی کم ہی دیکھنے میں آتی ہے۔ ان مظاہرین کو سخت شرائط اور گائیڈ لائینز کے ساتھ پر امن مظاہرہ کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ایک سو کی تعداد میں مظاہرین نے اتوار کے روز جنگ بندی کے حق میں جذبات کا اظہار کرنے کیلئے نعرے لگائے۔ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی اسرائیل حماس جنگ کے بعد اب تک امارات میں پہلا احتجاجی مظاہرہ تھا۔مظاہرین میں شامل ایک نے بھر پور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رات بھر غزہ کے بچوں کے چیخنے کی آوازیں آتی ہیں۔ اس شخص نے یہ بات مظاہرہ دیکھنے کیلئے جمع ہوئے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہی۔متحدہ عرب امارات میں یہ ایک عجیب اجتماع تھا۔ مظاہرین نے تربوزی جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ یہ جھنڈے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ایک علامت کے طور پر تھے۔ کئی مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق میں مختلف نعرے اور مطالبے تحریر تھے۔

















