مریدکے، کالاشاہ کاکو (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ کوئی شک میں نہ رہا 2024کے الیکشن میں وزیر اعظم میاں نواز شریف ہی ہونگے،بلاول بھٹوعبرتناک شکست کے خوف سے بوکھلاکربیان دے رہے ہیں،بلاول بھٹوپنجاب فتح کرنے یا اگلا وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھنا چھوڑو حقیقت کی دنیا دیکھو ،سندھ بھی اب تمھارے ہاتھ سے جارہا ہے اور مسلم لیگ (ن) سندھ سے بھی اکثریت کیساتھ جیتے گی، مسلم لیگ (ن) کو اب تک 4 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں ،ہر سیٹ پر 10 ، 10 درخواستیں آرہی ہیں، بہت سی پارٹیوں کے لوگ رابطہ کررہے ہیںمگر جن کارکنوں نے برے وقت میں ساتھ نہیں چھوڑا وہ پہلی ترجیح ہیں ۔شاہین لیبر یونین کے صدر ساجن چوہان کے ہمراہ میونسپل کارپوریشن کے 160 مسیحی برادری کے اہلکاروں کی تین سال بعد تنخواہیں بڑھائے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے انہوںنے کہاکہ ہمیشہ عوام کے حقوق کی سیاست کی ہے ،میونسپل کارپوریشن کے 160 مسیحی ورکرز کو حقوق دلوانا میرا فرض تھا جو آج پورا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی امیدیں میاں نوازشریف پر لگی ہوئی ہیں ،قوم جانتی ہے میاں نواز شریف جب بھی آئے خوشحالی لائے ۔انہوں نے کہا مسلم لیگ ن اکثریت کیساتھ جیت کر حکومت بنائے گی ،میاں نواز شریف کی قیادت میں ترقی خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے میاں نواز شریف کی سربراہی میں پارلیمانی بورڈ کام کررہا ہے میرٹ اور پرانے کارکنوں کو اولین ترجیح دی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ دانیال عزیز اور شاہد خاقان عباسی کو چاہئے کہ باہر بیٹھ کر باتیں نہ کریں اگر کوئی اختلاف ہے تو پارٹی میں بیٹھ کر بات کریں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن میں ہیں یا نہیں وہی بتا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف کی ابھی آمد ہوئی ہے اسٹاک ایکسچینج کہاں سے کہاں جارہی ہے دنیا بھر کے سرمایا کار پاکستان لائیں گے پاکستان کا وقار بحال کریں گے ،میاں نواز شریف انتقام کی سیاست کو دفن کرچکے اب پاکستان اور عوام کی خوشحالی کو واپس لانے کا وقت ہے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ،ایجنڈا ایک ہی ہے پاکستان اور عوام کی خوشحالی ۔انہوں نے کہاکہ لیول پلاننگ کی باتیں بلاول بھٹو بوکھلاہٹ میں کررہے ہیں ،انہیں پہلے سے ہی الیکشن میں تاریخی شکست نظرآرہی ہے کیونکہ حالیہ تمام سروے بتارہے ہیں ،پیپلز پارٹی چاروں صوبوں میں زیرو زیرو ہے ،شکست کے ڈر نے پیپلز پارٹی کو خوف میں مبتلاکررکھا ہے حالانکہ وہ جانتے ہیں پندرہ سال تک سندھ کی عوام کیساتھ کتنا برا سلوک کررہے ہیں سندھ کے عوام آج بھی بنیادی حقوق سے محروم ہیں ۔
کوئی شک میں نہ رہے الیکشن 2024ءمیں وزیراعظم نوازشریف ہی ہونگے :رانا تنویر حسین
















