گریٹر اقبال پارک میں انتظامی بدحالی،مختلف مقامات پر پانی جمع، ڈینگی مچھروں کی افزائش نسل میں اضافہ

لاہور (اپنے نمائندے سے) پی ایچ اے گریٹر اقبال پارک انتظامیہ کی بد انتظامی صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث پارک میں مختلف مقامات پر پانی جمع ڈینگی کی افزائش نسل میں اضافہ، سیاحوں کا مہلک بیماری میں مبتلا ہونے کا خدشہ ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر سمیت لاہور میں سرکاری اور نجی محکمہ جات کو ڈینگی کی افزائش کی روک تھام کی خاطر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں اور اپنی اپنی سطح پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کا عمل ضروری قرار دیا گیا ہے۔ پی ایچ اے لاہور گریٹر اقبال پارک کی انتظامیہ کی بد انتظامی کی وجہ سے صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے پارک کے مختلف مقامات پر پانی جمع ہے جس کے نقائص کی خاطر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے کسی قسم کے انتظامات دیکھنے میں نہیں آرہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے ڈینگی کی افزائش میں اضافی کے اسباب پیدا کئے گئے ہیں۔ گریٹر اقبال پارک میں یومیہ کی بنیاد پر کثیر تعداد میں سیاح اپنے بچوں اور مختلف سکولز کالجز و دیگر اداروں سے بچے اور نوجوان وزٹ کرتے ہیں جو گریٹر اقبال پارک کے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی بد انتظامی کے باعث ڈینگی جیسی مہلک بیماری میں مبتلا ہو نے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر گریٹر اقبال پارک کی غیر ذمہ داری کے باعث سیاحوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی نہیں کی جا رہی اور پارک میں قائم کینٹینوں پر بھی غیر معیاری اشیاءکی مہنگوں داموں فروخت کی جا رہی ہیں سیاحوں کا کہنا تھا کہ گریٹر اقبال پارک میں ریلیف فراہم کرنے کی بجائے دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے اور پارک میں مختلف مقامات پر پانی کھڑا ہے جو کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کی وجہ بن رہا ہے ہمارے ساتھ معصوم بچے ہیں سیر و تفریح سے لطف اندوز ہونے کی بجائے ہمیں ڈینگی جیسی مہلک بیماری میں مبتلا کرنے کے اسباب پیدا کر رکھے ہیں۔ پی ایچ اے ترجمان سے موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے موقف نہ دیا ۔