حافظ آباد( قمر عباس ) حافظ آباد شہر میں ملاوٹ شدہ اورکیمل زدہ دودہ کی فروخت عروج پر پہنچ گئی۔ خالص دودہ خریدنا شہریوں کے لئے محال ہوگیا جس کی وجہ سے شہری طرح طرح کی امراض میں مبتلا ہوکر ہسپتالوں میں پہنچنے لگے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ناقص اور مضرصحت دودہ کے مذموم دھندے کے روکنے میں ناکام ہوگئی۔
حافظ آباد شہر میں عرصہ دراز سے گوالے اور دودہ فروخت کرنے والے دوکاندار دودہ میں مختلف کیمیکل اور ایسنس ملا کر شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ گوالے اور دوکاندار علی الصبح مضافاتی دیہاتوں سے جو دودہ لیکر آتے ہیں وہ اس سے پہلے توکریم نکلواتے ہیں پھر اس میں مختلف کیمیکل ملاکر اسکی مقدار کو منوں میں بنالیتے ہیں اس سلسلہ میں مذکورہ کیمیکل کی فروخت کے لئے پرانی غلہ منڈی میں واقع ایک گودام مرکز بنا ہوا ہے جبکہ اسکے علاوہ رنگوں کی دوکانوں سے بھی یہ دودہ کی مقدار کو بڑھانے والے کیمیکل عام فروخت کئے جارہے ہیں لیکن پنجاب فوڈ اتھارٹی ایک دودن کاروائی کرکے چند ایک گوالوں کے دودہ پکڑ کر تلف کرنے کے بعد اپنی کارکردگی کے ڈنکے بجاکر مست ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے شہر بھر میں مضر صحت دودہ دہی کی فروخت کا مذموم دھندہ دن بدن بڑھتا چلا جارہے جس سے شہری پریشان ہوکر رہ گئے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ حافظ آباد میں مضر صحت دودہ کی فروخت کا سخت نوٹس لیکر اس مذموم دھندے کو روکا جائے۔
حافظ آباد: کیمیکل زدہ دودھ کی فروخت عروج پر،حکام نے چپ سادھ لی
















