2024 پاکستان ،عوام کےلئے نئی امیدلےکر آ رہا ہے،مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے)سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے کہا ہے2024 پاکستان اور عوام کےلئے نئی امید، ترقی کا نیا دور لےکر آ رہا ہے، نوجوانوں ،اقلیتوں کو سیاست کی اولین صفوں میں لانا چاہتے ہیں۔

،مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) ،مینارٹی ونگ کے عہدیداروں و کارکنوں نے شرکت کی،ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں تیز،وفاق سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا سیاست میں نوجوانوں ،اقلیتوں کے کردار میں بتدریج اضافہ کریں گے، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، نوجوانوں کی ترقی ملکی ترقی ہے، ایم ایس ایف کے پلیٹ فارم سے ملک بھر سے نوجوانوں کو عملی سیاست میں شمولیت کا موقع ملے گا۔

مریم نواز نے کہا 2024 پاکستان اور عوام کےلئے نئی امید، ترقی کا نیا دور لے کر آ رہا ہے، نوازشریف کی قیادت میں نئے سال سے پاکستان کی معاشی ترقی کا تیز رفتار دور شروع ہو گا،قائد نواز شریف چاہتے ہیں نوجوان عام انتخابات میں سیاسی سرگرمیوں کا ہراول دستہ بنیں، نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں، انتخابی سرگرمیوں میں اقلیتوں کے فعال کردار سے جمہوری کلچر مزید مضبوط ہو گا۔