غزہ میں افغان جنگ سے زائد شہادتیں، رکاوٹیں دور،13 اسرائیلیوں کے بدلے 39 فلسطینی رہا

غزہ،تل ابیب،نیویارک(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)رکاوٹیں دور، 13 اسرائیلیوں کے بدلے 39 فلسطینی رہا،اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیوں کا مغربی کنارے پر حملہ،6 فلسطینی شہید،17 زخمی ہوگئے،غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر ،مصر نے قیدیوں کے تبادلے معاہدے پر عمل کیلئے حماس ،اسرائیل سے مذاکرات کرکے رکاوٹوں کو دور کیا،رات گئے حماس نے دوسرے مرحلے میں مزیدتھائی شہریوں سمیت 17 یرغمالیوں کو رہا کر دیا، اسرائیل کی جانب سے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا،33 بچے اور 6 خواتین شامل ہیں،رہائی پانے والوں کو ہلال احمر کی مدد سے پہلے مصر اپنے اپنے ملک بھیجا گیا،فلسطینی قیدی مغربی کنارے کے علاقے بیتونیا پہنچے تو شہریوں نے پرتپاک استقبال کیا ،حماس ،اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کے ثالث قطر نے کہاقیدیوں کی رہائی میں حائل رکاوٹیں قطر ، مصر کے دونوں فریقوں کےساتھ رابطوں کے ذریعے دور ہو ئیںجبکہ حماس نے کہااسرائیل کی جانب سے معاہدے کی تمام شرائط کو برقرار رکھنے کے وعدے کے بعد یرغمالیوں کو رہا کیا ،ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں 6 فلسطینی شہید اور 17 زخمی ہوگئے،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے جنین میں اسرائیلی فوج بکتر بند گاڑیوں ،بلڈروز لےکر داخل ہوئی ،سرچ آپریشن کیا،سنائپرز کی فائرنگ میں 4 فلسطینی شہید ،10 سے زائد زخمی ہوگئے ،کئی گھروں کو مسمار کردیا گیا، درجن سے زائد خاندان کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہوگئے،اسرائیلی فوج کی جارحیت کا دوسرا واقعہ قباطیہ میں پیش آیا ،25 سالہ ڈاکٹر شامخ کمال کو فوجیوں نے گولیاں مارکر شہید کردیا،البیرہ میں بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 16 سالہ نوجوان کو شہید کردیا ،5 زخمی ہوگئے،دریں اثنا مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف عسکری جدوجہد کرنے والی “جنین بریگیڈ” نے اعلان کیا اسرائیلی افواج کے خلاف سخت مزاحمت کررہے ہیں ، کئی محاذوں پر پسپا کردیا ،دوسری جانب امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق اسرائیل نے غزہ کی حالیہ جنگ میں شہریوں کا تاریخ کا تیز ترین قتل عام کیا،رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 48 دن میں شہید فلسطینیوں کی تعداد امریکہ کی 20 سالہ افغان جنگ سے زیادہ ہے،اسرائیل نے 7 ہفتے کے فضائی حملوں میں عراق جنگ کے پہلے ایک سال سے دگنی تعداد میں شہریوں کا قتل کیا، غزہ میں 48 دن میں شہریوں کی ہلاکتیں یوکرین جنگ میں 2 سال کی ہلاکتوں سے بھی زیادہ ہیں،امریکی اخبار کے مطابق غزہ جنگ کے پہلے 2ہفتوں میں اسرائیل کے غزہ پر برسائے گئے 90 فیصد بم ایک سے 2ہزار پونڈ وزنی تھے،یاد رہے 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 14 ہزار 850 سے زائد فلسطینی شہید اور 36 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ۔