لاہور (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پانی خدا کی ایک نعمت ہے جسے ضائع کر کے ہم اللہ کی ناشکری کے مرتکب ہوتے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ پانی خصوصاً پینے کے صاف پانی کو ضائع ہونے سے بچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مکینوں تک پانی پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات محلہ نور پارک میں پسپ پروگرام کے تحت لگائے جانے والے 8ویں ٹیوب ویل اور واٹر ٹینک کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جو تقریباً 15کروڑ روپے سے مکمل ہوئے ہیں۔ اوورہیڈواٹر ٹینک میں ایک لاکھ لیٹر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے اور یہ مدینہ مسجد اور غلہ منڈی کے بعد نیاتعمیر ہونے والا تیسرا ٹینک ہے۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان، انفرسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ پروگرام کے تحت 28 نئے ٹیوب ویلز لگائے جا رہے ہیں اور4اوورہیڈ واٹر ٹینک تعمیر کئے جا رہے ہیں جس سے شہریوں کو صاف پانی کی وافر سپلائی مہیا ہو سکے گی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے چیف آفیسر کارپوریشن کو ہدایت کی کہ ان نئے ٹیوب ویلز کو فوری طور پر ٹیک اوور کریں اور انہیں شہر کی واٹر سپلائی لائن سے منسلک کریں۔اس سے قبل کمشنر ساہےوال شعےب اقبال سےد کی زےر صدارت کمشنر آفس مےں منعقدہ اجلاس مےں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد نے بتاےا کہ میونسپل کارپوریشن نے نومبر میں اب تک بلڈنگ پلان کی منظوری سے 59لاکھ47ہزار روپے سے زائد کی آمدن حاصل کی جو ایک ریکارڈ ہے جبکہ صرف ایک دن21نومبر کو6لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ بلڈنگ برانچ روزانہ کی بنیاد پر وصول ہونے والی درخواستوں کو فوری پراسس کرتا ہے تاکہ کم سے کم وقت میں بلڈنگ پلان کی منظوری دی جا سکے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے بلڈنگ برانچ کی کارکردگی کو سراہا اور ایم او سلیم کو ہدایت کی کہ وہ کنورژن فیس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف جاری کاروائیاں بھی تیز کریں۔ دریں اثناءساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر ساہیوال/چیئرمین ٹرسٹ شعیب اقبال سید نے صدارت کی۔ اجلاس میں بورڈ ممبر اور شہر کی معروف سماجی شخصیت شیخ محمد یونس (ستارہ امتیاز) کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کی خصوصی دعا کی گئی۔ اجلاس میں شیخ محمد یونس کی صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل ڈی پی ایس برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی اور بورڈ ممبران چوہدری سلطان محمود، پروفیسر قمر الزمان خان، سید افتخار حسین شاہ، حبیب جیلانی وینس، ڈاکٹر شہزاد طاہر، مسز روزینہ انجم اور برسر کاشف ستار نے بھی شرکت کی۔ کمشنر نے دو نئے ممبران معروف سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر شہزاد طاہر اور ماہر تعلیم مسز روزینہ انجم کو بورڈ میں خوش آمدید کہا اور توقع ظاہر کی کہ ان کے تجربے سے ڈی پی ایس کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔ اجلاس میں پرنسپل برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں نئے ڈی پی ایس راوی کیمپس میں سولر سسٹم لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس پر ایک کروڑ20لاکھ روپے لاگت آئیگی جسے مرحلہ وار باقی کیمپسز میں بھی لگایا جائیگا تاکہ ماہانہ لاکھوں روپے بجلی کے بلوں کی بچت ہو سکے۔ اجلاس میں راوی کیمپس میں ”آٹزم سکول“ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی جس میں ”آٹزم“ کا شکار بچوں کو تعلیم فراہم کی جائے گی جس کے لئے ٹریننڈ اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے آٹزم سکول کے اجراءکے لئے بورڈ ممبر ڈاکٹر شہزاد طاہر کو ذمہ داری سونپ دی۔ بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس میں کیمبرج کیمپس کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی جس کے فیزI پر 15کروڑ روپے خرچ آئیگا۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ہمارے تعلیمی اداروں کو صنعتکاروں کے ساتھ قریبی رابطہ میں رہنا چاہیے تاکہ انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فنی اداروں میں طلبہ کو انہی شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے جس کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ ساہیوال میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کی جانب سے ہنر روزگار میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر بورڈ آف مینجمنٹ وی ٹی آئیز ساہیوال کے صدر امجد ظفر، ایریا منیجر غلام احمد جوئیہ، پرنسپل نوید احمد، بورڈ ممبران اور طلبہ و طالبات اور ایمپلائرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ فنی تعلیم میں خواتین کو بھی یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ بھی مردوں کے شانہ بشانہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کا انحصار تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی سے ہے جس میں ووکیشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کا کردار انتہائی اہم ہے۔انہوں نے ادارے سے تربیت حاصل کرنے اور کامیابی حاصل کرنیوالے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی پورے ساہیوال ڈویژن کی کامیابی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات کی طرف سے لگائے گئے سٹالز کا بھی معائنہ کیا۔
پانی اللہ کی انمول نعمت، ضائع کرکے ہم ناشکری کے مرتکب ہوتے ہیں :کمشنر ساہیوال

















