توسیع کی خواہش نہیں،الیکشن کمیشن جلد انتخابات کرائے، سرفراز بگٹی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے توسیع کی خواہش نہیں ، الیکشن کمیشن جلد انتخابات کرائے،ملک منتخب حکومت چلائے،چمن کے معاملے پر چیمبر میں بات چیت کی گئی،چاہتے ہیں معاملہ بات چیت سے حل ہو، آزادی پاکستان کے وقت صرف ایک جگہ تقسیم نہیں آئی۔

سرفراز بگٹی نے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا دنیا کے کسی کونے چلے جائیں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کیلئے کاغذات دیکھے جاتے ہیں، تجارت کو روک نہیں رہے بلکہ معاونت کریں گے،کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا جو مرضی آئے جہاں مرضی کاروبار کرے اور چلا جائے، ایسا طریقہ کار بنائیں گے جس سے ریاست کا کم نقصان ہو۔

دریں اثنا وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے چینی سفیر جیانگ ژائی ڈانگ نے ملاقات کی ،دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہاپاکستان ، چین کے درمیان کئی دہائیوں پر مشتمل دوستی دنیا بھر کےلئے مثال ہے،وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چین کا کامیاب دورہ کیا، سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہو گا،سرفراز بگٹی نے کہااگلا ہدف دورے کے دوران کئے گئے معاہدوں کو عملی جامہ پہنانا ہے، چینی صدر شی جن پنگ کا گلوبل سکیورٹی انیشیٹیو قابل ستائش ہے،چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے ،چینی سفیر نے چینی باشندوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا، وزیر دادخلہ نے کہادہشتگردی چیلنج ہے ،مکمل خاتمہ کریں گے،چینی سفیر نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا،ملاقات میں سکیورٹی شعبے میں تعاون مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔