غزہ ،ریاض،کیپ ٹاﺅن،برسلز ،انقرہ(مشرق نیوز )اسرائیلی درندگی،اقوام متحدہ سکول،خانہ یونس پر بمباری،بچوں سمیت سینکڑوں شہید، غزہ میںمکمل کمیونی کیشن بلیک آوٹ،صہیونی ریاست نے ایک بار پھر فلسطینیوں کو جنوبی غزہ چھوڑنے کی وارننگ دےدی۔
اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ کیمپ میں اقوام متحدہ کے سکول پر فضائی حملہ کیا،بچوں سمیت 200 سے زائد فلسطینی شہید ،متعدد زخمی ہوگئے،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شمالی غزہ میں جبالیہ مہاجر کیمپ میںالفخورہ سکول کو نشانہ بنایا ،فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی، شہدا میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے،ایک خاندان کے 32افراد بھی شامل ہیں،کمرے ،راہداریاں فلسطینیوں کی لاشوں سے بھرے ہونے کی دردناک تصاویر ، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
قبل ازیںاسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے خان یونس میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، بچوں سمیت متعدد افراد نے جام شہادت نوش کیا،نصر ہسپتال کے ڈائریکٹر نے کہاحملے کے بعد ہسپتال میں 26 لاشیں ، 23 زخمی لائے گئے،رپورٹس کے مطابق خان یونس میں حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب اسرائیل نے جنوبی شہر سے لوگوں کو منتقلی کا حکم دیا، اسرائیل نے جنوبی شہر خان یونس میں فلسطینیوں کو اتازہ انتباہ جاری کرتے ہوئے کہامغربی علاقوں کی جانب منتقل ہو جائیں ۔
دریں اثنا شمالی غزہ کے کئی علاقوں میںسکولوں، رہائشی عمارتوں اور ہسپتالوں پر بم برسائے جارہے ہیں ،شہید فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہوگئی ،ادھر حماس نے کہا ہے جنگجو دشمن فوجیوں کا گلی گلی تعاقب کر رہے ہیں، خود کو مسلسل اور لچکدار دفاع کیلئے تیار کررکھا ہے،فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا غزہ میں 4 دنوں کے دوران 62 اسرائیلی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے میں کامیاب رہے۔
غزہ میں مکمل کمیونی کیشن بلیک آوٹ ہونے سے اقوام متحدہ بھی غذا کی ترسیل سمیت اپنی دیگر امدادی سرگرمیاں روکنے پر مجبور ہو گیا،اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) کی ترجمان جولیٹ ٹوما کے مطابق کمیونی کیشن بلیک آوٹ کے باعث رابطے کٹ جانے سے غزہ کیلئے غذائی اشیا سمیت دیگر امدادی سامان کی ترسیل بند کردی،غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے جولیٹ ٹومانے کہا کمیونی کیشن بلیک آو¿ٹ میں توسیع کا مطلب غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری امدادی سرگرمیوں میں تعطل کی توسیع کرنا ہے۔
مزید برآں جنوبی افریقہ نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کےخلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت سے رجوع کر لیا،غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقہ نے غزہ میں اسرائیل کے مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے عالمی فوجداری عدالت میں ریفرل دائر کیا ،جنوبی افریقہ کے صدر رامافوسا نے کہا اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم ،نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے جہاں ہزاروں فلسطینی مارے جا چکے ،ہسپتال، عوامی انفراسٹرکچر تباہ ہو چکے ، غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہیں اور یقین ہے عالمی فوجداری عدالت اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کرے گی۔
علاوہ ازیں یورپی یونین میں شامل اہم ملک ناروے کی پارلیمنٹ نے فلسطین کو علیحدہ آزاد ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی،غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ناورے کی پارلیمنٹ نے فلسطین کو علیحدہ ریاست تسلیم کرنے کی قرار داد کثرت رائے سے منظور کی،پارلیمنٹ سے منظور ہونے والا بل حکومتی اتحاد نے چھوٹی جماعتوں کے پر زور مطالبے پر پیش کیا جس میں فلسطین کو فوری طور پر ریاست تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ،پارلیمنٹ سے منظور ہونے والی قرار داد کے متن میں کہا گیا اسمبلی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کےلئے تیار رہے۔
دوسری جانب کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے خاص طور پر الشفا ہسپتال کے ارد گرد نظر آنے والے مصائب اور غزہ میں رونما ہونے والا انسانی المیہ دل کو دہلا دینے والا ہے،جسٹن ٹروڈو نے کہا واضح کرچکا ہوں تمام معصوم جانوں کی قیمت برابر ہے، انصاف کی قیمت تمام فلسطینی شہریوں کی مسلسل تکلیف نہیں ہوسکتی، جنگ کے بھی اصول ہوتے ہیں۔
ادھر سعودی عرب نے اسرائیلی جارحیت کے شکار غزہ کےلئے ایمبولینسز عطیہ کردیں،غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے غزہ کیلئے مزید 2 امدادی جہاز مصر کے راستے بھیجے ،رپورٹس میں بتایاگیا سعودی طیارے غزہ متاثرین کےلئے امداد لے کر مصر کے العریش ائیرپورٹ پہنچے،ایمبولینسز کو غزہ بھیجا جائے گا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ بند ہونے کے بعد ترکیہ غزہ کی تعمیر نو کی کوشش کرے گا،اپنے بیان میں ترکیہ کے صدر نے کہا غزہ میں ہسپتال، سکول اور رہائشی عمارتیں قائم کریں گے، اسرائیلی بمباری سے غزہ کا نقشہ تبدیل ہو چکا ،اسرائیلی فوج نے ظلم و بربریت کی نئی مثال قائم کردی، اسرائیل کی طرف سے ہونے والی تباہی کی تلافی کیلئے جو بھی ضروری ہو گا کریں گے۔
اسرائیلی درندگی،اقوام متحدہ سکول،خانہ یونس پر بمباری،بچوں سمیت سینکڑوں شہید

















