فیصل آباد (بیورورپورٹ) چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری میں ڈاکٹر محمد انوارالحق سابق صوبائی وزیر سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال پنجاب نے بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے تاجر ملکی معیشت کا اہم ستون ہیں‘ چھوٹے تاجر محب وطن اور ٹیکس گزار ہیں‘ نگران حکومت کو چھوٹے تاجروں کو ریلیف کیلئے موثر قانون سازی کرنی چاہئے تاکہ ان کی جیبوں میں پیسہ آئے اور آسانی سے ٹیکس ادا کر سکیں۔
اس موقع پر چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر میاں ظفر اقبال‘ مسلم لیگ (ضیائ) کے مرکزی رہنما میاں ساجد حسین انجم‘ ہول سیل کلاتھ سیکٹر کے صدر شیخ محمد فیصل‘ میاں منیر‘ ڈاکٹر منور فیاض سنی‘ چوہدری امانت‘ آفتاب بٹ‘ امین لاکھانی‘ محمد آصف‘ طلحہ زبیر‘ تنویر احمد رانا‘ ملک نعیم کے علاوہ تاجر کمیونٹی اور سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھی‘ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر رہ گئی ۔
غیرملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے ڈرتے ہیں کہیں ان کا پیسہ ڈوب نہ جائے‘ ہم ایٹمی ملک ہونے کے باوجود دنیا بھر میں وہ مقام حاصل نہ کر سکے جس کے ہم حقدار ہیں‘ ہمارے حکمرانوں نے ایسے ایسے معاہدے کئے جن کی وجہ سے پاکستان تباہ ہو گیا ہے‘ قرضے لے کر اپنی جیبیں بھریں اور ٹیکس غریب آدمی پر لگا کر قسطیں دی جا رہی ہیں‘ ان ہوشربا ٹیکسوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی نے پنجے گارڈ لئے ہیںجس کی وجہ سے سفید پوش طبقہ ذلیل و خوار ہو گیا۔
اس سے قبل چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر میاں ظفر اقبال نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ٹیکس پیڈ تاجروں کا شہر ہے مگر یہاں پر تاجروں کو کوئی سہولت میسر نہیں‘ واسا‘ ایف ڈی اے‘ ریلوے‘ ایئرلائنز‘ سوئی گیس یا کوئی بھی سرکاری محکمے میں تاجروں کو کوئی ریلیف نہیں دیا جاتا بلکہ آئے روز ہم پر بڑے بڑے ٹیکس عائد کئے جا رہے ہیں‘ پاورلومز‘ کپڑے کے تاجر‘ دوکاندار سبھی سراپا احتجاج ہیں مگر ان کی کوئی سننے والا نہیں‘ میں نے خود نگران وزیراعلیٰ سید محسن نقوی سے ملاقات کے دوران ان مسائل کو اجاگر کیا تھا مگر ابھی تک ہمیں کوئی ریلیف نہیں سکا‘ میری آپ سے اپیل ہے کہ چھوٹے تاجروں کو ریلیف دینے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں اور جب بھی آپ اقتدار میں آئیں پاکستان کے چھوٹے تاجروں کو نہ بھولیں‘ اس موقع پر ہول سیل کلاتھ سیکٹر کے صدر شیخ محمد فیصل نے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چھوٹے تاجروں کی آواز اٹھانے والے ہر شخص اور ادارے کے ساتھ کھڑے ہیں‘ ہمارا کوئی سیاسی منشور نہیں ہم اپنے چھوٹے تاجر بھائیوں کیلئے ریلیف مانگتے ہیں‘ ہماری اپیل ہے کہ چھوٹے تاجر کو وہ مقام دیا جائے جس کا وہ حقدار ہے۔
چھوٹے تاجر ملکی معیشت کا اہم ستون ہیں‘ ڈاکٹر انوارالحق

















