صاف ،شفاف انتخابات کیلئے تمام ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائینگے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ملاقات کی ،انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔

چیف الیکشن کمشنر نے وزیر اعظم کو عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، وزیراعظم نے کہاحکومت الیکشن کمیشن کو ملک میں آزادانہ، صاف اور شفاف انتخابات کیلئے ہر قسم کا تعاون کرے گی اور تمام ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

دریں اثنا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی نے ملاقات کی ،مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں غزہ میں غاصب صہیونی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر جاری نسل کشی و مظالم کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی،ملاقات میں اتفاق کیا گیاعالمی قوتوں کو فلسطینیوں پر جاری مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

طاہر اشرفی نے ملک میں بین الامذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا،وزیر اعظم نے طاہر اشرفی کی بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ و اسلامی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح کیلئے کوششوں کو سراہا۔