دوست ودشمن آئیں اورالیکشن لڑیں،خوش آمدید کہیں گے، زرداری

گھوٹکی(مشرق نیوز)سابق صدر آصف زرداری نے کہاہے دوستوں و دشمنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں آئیں الیکشن لڑیں،خوش آمدید کہیں گے، جمہوریت ہوگی تو اچھا نتیجہ سامنے آئےگا،موجودہ صدی میںمارشل لا لگانا آسان نہیں۔

گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہاالیکشن میں مخالفین کو بسم اللہ،آئیں کھڑے ہوں، مخالفین اپنی سیاست کریں ہم اپنی سیاست کریں گے، کسی کوسیاست سے نہیں روکتے، سب کی اپنی سیاست ہے،تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لیناچاہیے، معیشت مضبوط ہوگی توملک ترقی کرےگا، پاکستان کو بچائیں گے اور حق لےکررہیں گے۔

سابق صدر نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی کو کام نہیں آتا نہ کرانا آتا ہے،عمران خان کو حکومت وطاقت کیلئے نہیں ہٹایا،ملک وقوم کو ترقی کی ضرورت تھی،میں نے سوچ کے تحت پارلیمنٹ کو اختیارات واپس کیے،سب اپنی سیاست کریں ہماری اپنی سیاست و فلاسفی ہے، بےنظیر بھٹو کی شہادت پر بھی کہا پاکستان کھپے، ورکرز کے ہاتھوں مجبور ہوں باہر نہیں جا سکتا، ورکرز کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر کیا کہوں گا۔

آصف زرداری نے کہاہمیشہ انسان کی خدمت کا فیصلہ کیا ،عوام کی خدمت ہی جنت ہے، سمندر سے صاف کر کے کراچی کو پانی دے سکتے ہیں،پتہ ہے بارڈر کے باہر کیا ہو رہا ہے، دوستوں نے کہا آپ تاریخ کےخلاف جا رہے ہیں، چاہتے ہیں افغان بھائی واپس جائیں لیکن جائیں کس پر، وہاں ہے کیا، ہمیشہ ملک کے فائدے کی بات کی ، دھرتی سے یاری ہے اسی دھرتی پر مرنا ہے، دوستوں و دشمنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں پاکستان کو بنایا بھی سندھ نے اور بچانا بھی سندھ نے ہے،سابق صدر نے کہافلسطین میں مسلمانوں کےساتھ ظلم ہو رہا ہے، افسوس فلسطین کےلئے اتنا نہیں کر رہے جتنا کرنا چاہیے، کچھ ہاتھ سے بھی مدد کرنی چاہیے اور آگے بڑھ کر مدد کرنی چاہیے،پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو فلسطین کی مدد کرے گی۔