گوجرانوالہ:غیر معیاری ملاوٹی دودھ کے سپلائر فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں آ گئے

گوجرانوالہ (بیورورپورٹ)غیر معیاری ملاوٹی دودھ کے سپلائر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں آ گئے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی خصوصی ہدایات پر ڈیری سیفٹی ٹیموں نے منڈی بہاوالدین اور پھالیہ میں ناکہ بندی کرکے12500لٹر دودھ کی چیکنگ کی جبکہ 2200لٹر غیر معیاری مضر صحت دودھ تلف کردیا گیا۔ قوانین کی خلاف ورزیوں پر 40000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور قدرتی فیٹ کم پائی گئی۔ غیر معیاری دودھ کو گوجرانوالہ اور گجرات میں سپلائی کیا جانا تھا۔ راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ ناقص دودھ کا استعمال بچوں اور بزرگوں کی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔

راجہ جہانگیر انور نے کہا صحت مند غذا کی یقینی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ گھر میں استعمال ہونے والے دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت چیک کروایا جا سکتا ہے مزید برآں ڈی جی پی ایف کا کہنا تھا کہ شہری ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔