ابتدائی حلقہ بندیوں کیخلاف 1300 سے زائد اعتراضات دائر،سماعت کیلئے بنچ تشکیل
اسلام آباد(بیورورپورٹ )الیکشن کمیشن کو آئندہ عام انتخابات کےلئے نئی حلقہ بندیوں کی 27 ستمبر کو شائع ہونےوالی ابتدائی فہرستوں پر ایک ہزار 324 اعتراضات موصول ہوئیےہیں، رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق الیکشن کمیشن کو پنجاب میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے کل 672 اعتراضات جمع ہوئے، اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 293، سندھ میں 228، بلوچستان میں 124 اور اسلام آباد میں 7 اعتراضات جمع ہوئے،الیکشن کمیشن نے 2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری کی روشنی میں ملک بھر میں انتخابی اضلاع کو دوبارہ ترتیب دینے کے بعد 27 ستمبر کو حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں شائع کی تھیں اور رجسٹرڈ ووٹرز سے اعتراضات جمع کرانے کو کہا تھا،الیکشن کمیشن نے اعتراضات جمع کرانے کےلئے 27 اکتوبر کی آخری تاریخ مقرر کی تھی اور یہ اعلان کیا تھا کہ ان اعتراضات پر متعلقہ فریقین کے موقف سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا،اعتراضات کا فیصلہ کرنے کےلئے ایک ماہ کا وقت مقرر کیا گیا ہے، الیکشنکمیشن 2 بنچ تشکیل دے چکا ہے جو یکم نومبر سے اعتراضات کی سماعت شروع کریں گے،ابتدائی فہرستیں پہلے 9 اکتوبر کو شائع کی جانی تھیں لیکن سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر حلقہ بندیوں کی ٹائم لائن میں 14 دن کی کمی کر دی گئی تاکہ یہ عمل 14 دسمبر کے بجائے 30 نومبر تک مکمل کیا جا سکے،ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق تمام اعتراضات کی سماعت کے بعد 30نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کر دی جائیگی۔
















