گوجرانوالہ:ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کا حکم

گوجرانوالہ (بیورورپورٹ)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کے پیش نظر بلڈنگ‘ ہائی ویز‘ پبلک ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہمہ وقت اپنے ڈیوٹی اسٹیشن پر موجود رہیں اورچھٹی کی صورت میں ڈویژنل افسران کمشنر جبکہ ڈسٹرکٹ افسران متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو پیشگی مطلع کریں بصورت دیگر اسٹیشن پر عدم موجودگی اور بغیر اطلاع چھٹی پر جانے والے افسران کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کی خدمات فوری طور پر ان کے محکمے کو واپس کردی جائیں گی۔ کمشنر نے یہ ہدایت ڈویژن میں جاری ترقیاری سرگرمیوں کے جائزہ ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کیں۔ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز‘ ایس ایز بلڈنگز‘ہائی ویز‘ پبلک ہیلتھ‘ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اوردیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔کمشنر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ ٹائم لائن اور معیار کے مطابق تکمیل حکومت پنجاب کی اہم ترجیح ہونے کے ناطے قومی تعمیر کے محکموں کے افسران سے تقاضا کرتی ہے کہ وہ اپنے ڈیوٹی اسٹیشن پر موجود رہ کر جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔ انہوں نے اس امر پر برہمی کا اظہار کیا کہ بعض افسران سٹیشن چھوڑتے وقت اپنے ڈپٹی کمشنر کو بتانا مناسب نہیں سمجھتے جس کو کسی صورت مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور افسران اپنی موجودگی کو یقینی بنانے کے ساتھ ایمرجنسی کی صورت میں پیشگی اجازت لینے کے پابند ہونگے۔