فیصل آباد:غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کیخلاف کریک ڈاﺅن

فیصل آباد(بیورورپورٹ) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں اور ناجائز تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے نڑ والا روڈ پر ایک غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیم اور غیر قانونی کمرشلائزیشن پر عثمان آباد میں زیر تعمیر بلڈنگ کو سر بمہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے انسپکشن کے دوران چک نمبر 219 رب نڑ والا روڈ راجباہ پر عبداللہ ویلی کے نام سے غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیم کے قیام کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور کارروائی کے دوران موقع پر دفتر کو سیل کر کے ڈویلپر کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دیا اور مزید قانون شکنی سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کچی آبادی عثمان آباد میں پلاٹ نمبر81 کو کاروباری مقاصد کےلئے تعمیر کرنے کی منظوری نہ لینے پر زیر تعمیر عمارت کو سربمہر کردیا اور مالک کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھیج کر تاکید کی گئی ہے کہ قانونی ومحکمانہ تقاضے پورے کرکے کمرشلائزیشن کی باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے بصورت دیگر تعمیراتی کام جاری نہیں رکھا جاسکتا اور مزید خلاف ورزیوں پر موجود تعمیرات کو مسمار بھی کیا جا سکتا ہے۔