ساہیوال (بےورو رپورٹ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن میں بھی ہفتہ صحت منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ساہیوال میں بنیادی مرکز صحت 89/6R کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، پنجاب ہیلتھ فسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کے ڈسٹرکٹ منیجر رافع دستگیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ساہیوال ڈاکٹر محمد الیاس انجم، ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر آئی آرایم این سی ایچ ڈاکٹر طاہر چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ہفتہ صحت کے دوران ڈویژن بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے فری ٹیسٹ کرنے کےلئے کیمپس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بنیادی مرکز صحت 89/6R میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہفتہ صحت کے دوران زیادہ سے زیادہ مریضوں کی سکریننگ کی جائے اور علاج معالجے کیلئے مریضوں کو ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ انہوں نے مختلف کاونٹرز پر دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور سکریننگ کے لئے آنے والے مریضوں کی عیادت کی۔ پنجاب ہیلتھ فسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کے ڈسٹرکٹ منیجر رافع دستگیرنے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہفتہ صحت کے انعقاد کو حکومت پنجاب کا شاندار اقدام قرار دیا اور بتایا کہ ہفتہ صحت کے موقع پر آنے والے مریضوں کی رجسٹریشن، بیماریوں کی تشخیص کیلئے سکریننگ، بنیادی معائنہ، حاملہ خواتین اور دو سال سے کم عمر بچوں کی ویکسی نیشن، ٹی بی سکریننگ اور مریضوں کی کونسلنگ و رہنمائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام کیمپس میں ادویات کی وافر مقدار اور صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں تاکہ آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔قبل ازےں کمشنر شعےب اقبال سےد نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے زیرعلاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ اور مشینری کے فعال ہونے، ڈاکٹرز کی ڈیوٹی پر موجودگی کو چیک کیا۔ انہوں نے واش رومز میں صفائی کا معےار چیک کیا اور صفائی مزید بہتر بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کیلئے ہسپتالوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائیگی۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا صفائی کا جائزہ لینے کیلئے علی الصبح شہر کا دورہ، صفائی انتظامات اور تجاوزات سمیت دیگر میونسپل سروسز کی فراہمی کا جائزہ لیا، سموگ اور دینگی کے خاتمے کیلئے صفائی بنیادی اہمیت کی حامل ہے، شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا کارپوریشن کی بنیادی ذمہ داری جسے نیک نیتی سے پوری کیا جانا چاہیے، کمشنر ساہیوال۔ شہری اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کوڑا کرکٹ کو آگ نہ لگائیں اور نہ ہی کہیں پانی کھڑا ہونے دیں۔ چرچ روڈ پر صبح9بجے بھی سبزی منڈی لگی ہونے پر اظہار ناراضگی، صبح 9بجے تک منڈی کی نیلامی ختم ہونے کے بعد سڑک کو صاف کرایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔ بعدازاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے علی مسجد کے سامنے گلستان روڈ کی ناقص مرمت پر ناراضگی کا اظہار کیا اور محکمہ پبلک ہیلتھ کو سڑک دوبارہ مرمت کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ساہیوال بائی پاس پر زیر تعمیر اوور ہیڈ برج پر کام کی پراگریس کا بھی جائزہ لیا اور ایکسین ہائی وے چوہدری افتخار احمد کو ہدایت کی کہ ریلوے لائن کے اوپر پل کی تعمیر کو تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسے 30نومبر تک مکمل کیا جا سکے۔
ہفتہ صحت ،سرکاری ہسپتالوں میں فری ٹیسٹ کیمپ قائم کئے جائیں گے:کمشنر ساہیوال
















