فیصل آباد(اشفاق مغل)ایف ڈی اے کی ملکیتی مختلف نوعیت و رقبہ جات کی 199جائیدادوں کی فروخت وکرایہ جات کیلئے نیلام عام کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ، نیلامی کل صبح 11بجے ایف ڈی اے کمپلیکس میںہوگی جس میں کمرشل و رہائشی پلاٹس اور گلستان پلازہ کی دکانیں بولی کیلئے پیش کی جائینگی۔
نیلام عام کےلئے ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ کی سربراہی میں مختلف عہدوں کے افسروں پر مشتمل 5رکنی نگرانی کمیٹی تشکیل دےدی گئی،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چودھری نے ایک میٹنگ میں نیلام عام کیلئے محکمانہ انتظامات کا جائزہ لیااور متعلقہ افسران کو بولی کے تمام عمل کو قواعد و ضوابط کے مطابق شفاف رکھنے کی ہدایت کی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عابد حسین بھٹی، چیف انجینئر مہر ایوب،ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹاون پلاننگ اسماءمحسن،فنانس یاسراعجاز چٹھہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں ودیگر افسران اجلاس میں موجود تھے،ڈائریکٹر جنرل نے کہاقیمتی جائیدادوں کی فروخت اور کرایہ جات پر دینے کا مقصدادارہ کے مالی وسائل میں اضافہ کرناہے تاکہ عوامی بہبود اور شہری ترقی کے پروگرام کو آگے بڑھانے میں فنڈز کا بندوبست ہوسکے، نگران کمیٹی کی طرف سے نیلام عام کے تمام کارروائی کی ذمّہ داری سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایاجائے اور بولی دہندگان کو طے شدہ محکمانہ پالیسی اور تمام شرائط و ضوابط سے پیشگی مطلع کرکے انہیں ہرممکن آسانیاں فراہم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ جائیدادیں فروخت ہوسکیں۔
ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج نے کہا نیلام عام میں پیش کی جانیوالی جائیدادوں میں احمد نگر کی دکانیں، ملت ٹاﺅن کے رہائشی و کمرشل پلاٹس،مدینہ ٹاﺅن میں ہاکی سٹیڈیم سے ملحقہ 9.3 کنال رقبہ کے پلاٹ کو لیز پر دینے کے علاوہ مختلف نجی ہاﺅسنگ سکیموں میں تعلیم و صحت کی سہولیات کیلئے مختص مختلف رقبہ جات کے پلاٹس شامل ہیں۔
ایف ڈی اے کی199جائیدادوں کی نیلامی کل ہو گی:ڈی جی
















