اسلام آباد (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دیں۔ وکیل امجد پرویز نے نواز شریف کی جانب سے اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں دائرکی ہیں۔ درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیلوں کو بحال کر کے میرٹ پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں اور 10 سال تک عوامی عہدے کیلئے نااہل ہیں۔ نواز شریف نے 21 اکتوبر کو 4 سال بعد وطن واپسی پر اسلام آباد ائرپورٹ کے لاونج میں اپنے وکلا سے مشاورت کی تھی اور اپیلیں بحال کرانے کی درخواستوں پر دستخط کئے تھے۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویڑن بینچ نے نواز شریف کے علاج کیلئے بیرون ملک جانے کے بعد عدالت میں پیش نہ ہونے پر انکی اپیلیں عدم پیروی پر خارج کر دی تھیں۔
عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے شریک ملزمان مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی سزا کالعدم قرار دے کر نیب ریفرنس سے باعزت بری کرنے کا فیصلہ سنایا تھا جبکہ عدالت نے نواز شریف کی اپیلیں انکے اشتہاری ہونے کے باعث خارج کرتے ہوئے فیصلے میں لکھا تھا کہ اگر اتھارٹیز انہیں پکڑیں یا وہ سرنڈر کر دیں تو اپیلیں بحال کرانے کی درخواست دائر کرسکتے ہیں۔
ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنس: نواز شریف نے سزا کیخلاف اپیلوں کی بحالی کی درخواستیں دائر
















