غزہ، تل ابیب، قاہرہ (مشرق نیوز) اسرائیلی بربریت میں مزید درجنوں فلسطینی شہید، غزہ چھوڑنے کا ایک اور الٹی میٹم، حملے تیز کرنے کا اعلان، مصر میں امن اجلاس بے نتیجہ، عالمی قوتیں منقسم، مغربی کا اسرائیل کی مذمت سے گریز، عرب ممالک نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی مسترد کرکے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مزید درجنوں فلسطینی اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنے، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، مغربی کنارے میں مسجد کو بھی شہید کیا گیا، اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ کے شمالی علاقوں سے انخلا کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا جنوبی غزہ منتقل نہ ہونیوالوںکو حماس کا حامی کا سمجھا جائیگا، الٹی میٹم کے بعد رہ جانےوالے فلسطینی شہریوں کو بھی نشانہ بنائیں گے، شہری حماس کےلئے انسانی ڈھال نہ بنیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان جنرل ڈینیل ہگاری نے کہا جنگ کے اگلے مرحلے میں بہترین ممکنہ حالات میں داخل ہونا چاہئے، حملوں کو تیز کرتے ہوئے خطرے کو کم کر رہے ہیںجبکہ اسرائیلی پمفلٹ میں شمالی غزہ کے رہائشیوں کو متنبہ کیا گیا علاقے میں قیام کرنیوالے کو دہشت گرد قرار دیا جاسکتا ہے۔
ادھر مصر میں ہونےوالے امن اجلاس میں عالمی قوتیں منقسم نظر آئیں اور اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا، مغربی ممالک نے اسرائیل کی مذمت سے گریز کیا، اہم اجلاس میں امریکہ، اسرائیل، ایران کی عدم شرکت کے باعث جنگ بندی کے طریقہ کار پر اتفاق ہوسکا اور نہ مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔
مغربی ممالک نے اسرائیل کی مذمت سے گریز کرتے ہوئے صرف جنگ کے دوران شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کےلئے حفاظتی راہداری کے قیام کے مطالبے پر ہی اکتفا کیا جبکہ سعودی عرب سمیت عرب ممالک نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے غزہ کے لوگوں کو جبری بے دخل کرنے کی کوششوں کو مسترد کردیا،
فلسطینی صدر محمود عباس نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا اپنی سرزمین کبھی چھوڑیں گے نہ ہی کوئی بے دخل کرسکتا ہے،اسرائیل کو ناجائز قبضہ ختم کرنا ہوگا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا فلسطین میں ہونےوالے المناک واقعات جنگ بندی کےلئے فوری اقدامات کے متقاضی ہیں، فلسطینیوں کو سرزمین سے بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ کےلئے محفوظ انسانی راہداریوں کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاعالمی برادری اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنے کا پابند بنائے۔
اردن کے شاہ عبداللہ نے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا عرب دنیا کو پیغام سنایا جا رہا ہے فلسطینیوں کی زندگیاں اسرائیلیوں کے مقابلے میں کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اپنے خطاب میں کہا امید ہے شرکا دہائیوں پرانے مسئلہ فلسطین کے مستقل حل و قیام امن کیلئے اقدامات کریں گے ، غزہ کے شہریوں کو صحرائے سینا کی طرف دھکیلنے کو مسترد کرتے ہیں، مسئلہ فلسطین کا واحد حل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا نے کہا غزہ کی پٹی میں شہریوں تک امداد پہنچانے کےلئے انسانی راہداری قائم کرنے کی ضرورت ہے جس سے جنگ بندی ہو سکتی ہے،برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے اعلان کیا اسرائیلی حکومت سے بات کی ہے غزہ میں شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کےلئے بین الاقوامی قانون کے مطابق کیا کرنا چاہیے، اسرائیلی فوج کو تحمل سے کام لینے کی ضرورت ہے۔
جرمن وزیر خارجہ انالینا بیربوک نے اپنی تقریر میں اعلان کیا حماس کےخلاف جنگ فلسطینیوں کےخلاف شمار نہیں کی جانی چاہیے، غزہ کی انسانی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا جائے۔
یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل نے کہااجلاس کا مقصد تھا ایک دوسرے کی بات کو سنا جائے ، سمجھتے ہیں قیام امن کیلئے ملکر کام کرنا چاہیے،اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے عالمی برادری پر تنازع کے دو ریاستی حل کا روڈ میپ بنانے کیلئے زور دیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور فرانس نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا،عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق قاہرہ امن اجلاس میں شریک رہنما 2ہفتوں سے اسرائیل ،فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی اور نتیجے میں پیدا ہونےوالے انسانی المیے کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا نہ کرسکے جس کے باعث اجلاس مشترکہ اعلامیے پر پہنچے بغیر ختم ہو گیا۔
اسرائیلی بربریت، مزید درجنوں شہید، حملے تیز کرنے کا اعلان،مصر امن اجلاس بے نتیجہ
















