غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر او آئی سی کی مذمت کافی نہیں،چودھر ی نعیم اختر

ملگداچوک (ملک محمد احمد جھکڑ ) انجمن تاجران ملگداچوک کے سرپرست اعلیٰ چودھر ی نعیم اختر ساھی نے کہا ہے غزہ میں جاری اسرائیلی و امریکی جارحیت قتل عام اور ظلم و بربریت پر او آئی سی کی محض مذمت کافی نہیں، مسلم ممالک اور حکمران فیصلہ کر لیں کہ آخرت میں حساب اللہ کو دینا ہے یا امریکہ کو؟، غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی ہو رہی ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے ،اسرائیل نا جائز ریاست ہے جس نے دنیا کا امن تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے، غزہ ہسپتال کے بعد پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی بمباری سے 433فلسطینی شہید ہو ئے ہیں جس پر انسانی حقوق کے علمبر دار ممالک، این جی اوز اور اقوام متحدہ سب گونگے بہرے اور اندھے ہو چکے ہیں،انہوں نے کہا پانی سر سے گزر چکا ہے، مسلمانوں کےخلاف کفار اکٹھے ہو چکے ہیں۔

غزہ میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کی چیخیں مسلم امہ کو جھنجوڑ رہی ہیں، کفار ہر طرف سے ہم پر حملہ آور ہیں غیرت ایمانی کا تقاضا ہے ان ظالموں کو انہی کی زبان میں جواب دیا جائے اس کیلئے ضروری ہے کہ امت مسلمہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے جو ممالک اسرائیل اور امریکہ سے خوفزدہ ہیں ان کو آزادی کا نعرہ لگانے کا کوئی حق نہیں نہتے فلسطینیوں پر 1948سے ظلم ہورہا ہے روس یوکرائن جنگ میں بچوں کے قتل عام پر واویلا کرنے والوں کو غزہ نظر نہیں آرہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

نعیم اختر ساھی نے کہا اسرائیل فلسطین تنازع پر جنگ بندی بارے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد کوامریکہ کی جانب سے ویٹو کیا جانا قابل مذمت ہے اس قرارداد جس میں لاکھوں فلسطینی شہریوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا تھا کو ویٹو کرکے امریکہ نے اسرائیلی جارحیت کی ایک بار پھر تائید کی ہے جو قابل قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم فوری جنگ بندی کی حامی اور اسرائیل کے قبضہ میں موجود فلسطینی سرزمین کو فوری واگزار کرانے کا مطالبہ کرتی ہے جس پر عملدر آمد ہونا چاہئے بصورت دیگراس جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے، انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین طویل تنازع نے بہت ساری جانیں لے لی ہیں اور یہ پورے خطے کے استحکام کو مسلسل خطرے میں ڈال رہا ہے اسرائیل فلسطین تنازع کا حتمی حل1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک محفوظ، قابل عمل، متصل اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمر ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو اور مسجد اقصیٰ کے دروازے مسلمانوں کیلئے ہمیشہ کیلئے کھولے جائیں تاکہ وہ اپنی مرضی سے وہاں عبادات کرسکیں۔