ساہیوال میں غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کرنے کے انتظامات مکمل

ساہیوال (بےورو رپورٹ) وفاقی حکومت کی طرف سے غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو ان کے متعلقہ ملکوں کو ڈی پورٹ کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈویژن میں رہنے والے ایسے افراد کی تعداد251ہے جن میں 110ضلع ساہیوال، 71ضلع اوکاڑہ اور70ضلع پاکپتن میں ہیں۔ ان میں بغیر کسی دستاویز کے رہائش پذیر غیر ملکی افراد کے ساتھ ساتھ مقررہ معیاد سے زائد رہنے والے افراد کو بھی ڈی پورٹ کیا جائیگا۔ یہ فیصلہ کمشنر آفس میں ہونیوالے خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی جبکہ آر پی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، سعدیہ مہراور ڈی پی اوز ساہیوال فیصل شہزاد،اوکاڑہ کیپٹن (ر) منصور امان، پاکپتن طارق ولائیت اور اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت متعلقہ اداروں کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ 31اکتوبر کے بعد ان251افراد کو عارضی رہائش فراہم کرنے کے بھی انتظامات مکمل کر لئے جائیں۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی مسلسل مانیٹرنگ کی بدولت مڈھالی روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کا ایک بڑا کام مکمل ہو گیا ہے جس دوران72انچ، 56انچ اور42انچ کے پائپ ڈالے گئے۔ اس سیوریج منصوبے کے شروع ہونے سے مڈھالی روڈ اور ملحقہ علاقوں کے سیوریج کے دیرینہ مسائل حل ہونگے۔ انہوں نے پسپ حکام پر زور دیا کہ اب پوری توجہ اس اہم سڑک کی بحالی پر مرکوز کی جائے جو کئی ماہ سے سفری مشکلات اور ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں سٹی منیجر اسجد خان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل محمد نواز،اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے شہر کی مارکیٹوں اور اہم شاہراہوں پر تجاوزات کا بھی نوٹس لیا اور متعلقہ میونسپل آفیسر کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف کاروائیاں کریں اور ضبط شدہ سامان کو نیلام کریں۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا دیہی مرکز صحت نورشاہ کا اچانک دورہ، مرکز میں ڈاکٹرز اور ادویات کی عدم دستیابی پر ناراضگی کا اظہار، معائنے کے موقع پر صرف ایک ڈاکٹر عثمان ڈیوٹی پر موجود تھے جبکہ لیڈی ڈاکٹر میٹرنٹی لیو پر تھیں۔ کمشنر نے ڈیوٹی ڈاکٹر کو ہدایت کی کہ مرکز میں صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جائے اور لیڈی ڈاکٹر کی عدم موجودگی پر سی ای او ہیلتھ کو متبادل ڈاکٹر فراہم کرنے کی درخواست کی جائے۔ انہوں نے مرکز صحت کو زیادہ ہوادار بنانے اور مریضوں کے بیٹھنے کیلئے مناسب جگہ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔