سکھ یاتریوں کیلئے کمیونٹی سنٹر تعمیر، پاکستان آمد پر ویزا آن آرئیول دینگے،محسن نقوی

لاہور،فیصل آباد ( خبر نگار،سپیشل رپورٹر،بیورورپورٹ)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں امریکہ و دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتریوں کے وفد نے ملاقات کی،سکھ یاتریوں نے لاہور،ننکانہ صاحب، حسن ابدال اور کرتارپور میں مذہبی مقامات کی دیکھ بھال پر شکریہ ادا کیا۔

محسن نقوی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاسکھ یاتریوں کو پاکستان آمد پر ویزا آن آرئیول دینے کی کوشش کررہے ہیں،وفاقی حکومت سے بات کرلی ،جلد خوشخبری دیں گے، ننکانہ صاحب میں سکھ برادری کےلئے کمیونٹی سنٹر بنایاجائےگا،سکھ یاتریوں کےلئے پنجاب میں ٹورز کا خصوصی پیکیج لا رہے ہیں، محکمہ سیاحت پیکیج کو حتمی شکل دے رہاہے، سکھ یاتری پیکیج کی آن لائن بکنگ کرا سکیں گے، خوشی ہے سکھ یاتریوں کے وفد میں نوجوان بھی شامل ہیں،یاتریوں کا پورا خیال رکھاجائے گا ،بھرپو رمہمان نوازی کریں گے،سکھ یاتری جب چاہیں پاکستان آئیں،کسی قسم کا مسئلہ نہیں ہوگا، ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک کے جنم استھان کے پانی کو پیک کر کے سکھ یاتریوں کو دیاجائے گا،یاتری جتنے بھی دن قیام کریں گے، محبتیں دیں گے۔

سکھ یاتریوں کے وفد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو روایتی چادر پہنائی،درشن سنگھ نے کہاجو مان سمان پنجاب میں ملا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، سکھ یاتریوں کے وفد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاپنجاب میں جو پیار اورخلوص ملا فراموش نہیں کرسکتے، سوچا بھی نہیں تھا پنجاب حکومت اس قدر محبت دے گی،پنجاب آ کر اپنائیت کا احسا س ہوا۔

دریں اثناوزیراعلیٰ محسن نقوی سے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ملاقات کی،باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان نیوی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پاک بحریہ کے جانبازوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی سمندری حدود کا دفاع کیا،میری ٹائم انڈسٹری میں پنجاب کی متعلقہ صنعتوں کے پوٹینشل کا فائدہ اٹھائیں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا،وائس چانسلر نے 3گنا زیادہ پیداوار والے گندم،گنے اورسویا بین کے بیجوں پر بریفنگ دی،محسن نقوی نے گندم،گنے اورسویا بین کے نئے بیج دیکھے،بیجوں سے اگنے والے گندم،گنے اورسویا بین کے پودوں کا مشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے بیجوں کو زرعی شعبے کی ترقی کیلئے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہابیج مارکیٹ میں آنے سے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں3گنااضافہ ،آمدن بڑھے گی اورزرعی شعبہ حقیقی معنوں میں پھلے پھولے گا۔

محسن نقوی نے زرعی یونیورسٹی کی طلبا وطالبات کی سوسائٹیز کی انرولمنٹ مہم کےلئے لگائے سٹالز کابھی دورہ کیا،مختلف سٹالز پر گئے،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے5ہزار روپے فیس ادا کرکے زرعی یونیورسٹی کی ٹیک سوسائٹیزکی ممبر شپ حاصل کی،ایک سٹال پر طلبا وطالبات نے ”دل دل پاکستان،جان جان پاکستان“ کا ملی نغمہ سنایا،وزیراعلیٰ نے ملی نغمہ سنانے والے طلبا وطالبات کو داد دی۔

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا دورہ کیااورآڈیٹوریم میں اہم اجلاس کی صدارت کی،محسن نقوی نے عوامی فلاح کے 34ترجیحی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا او ر ہدایت کی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کےلئے دن رات محنت کی جائے، فلاح عامہ کے پراجیکٹس میں تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیے،پی اینڈ ڈی بورڈ باقاعدگی سے آکر ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔