بھرتی کیس؛ پرویز الٰہی کی ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد

لاہور (مشرق نیوز) پنجاب اسمبلی بھرتی کیس میں پرویز الٰہی کی ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر پرویزالٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں ٹرائل کورت کی جانب سے ضمانت کا فیصلہ واپس لینے کے معاملے پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔

عدالت نے پرویز الٰہی کی درخوست پر سماعت کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ، جب کہ عدالت نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی ۔ دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل نے عدالت میں مو¿قف اختیار کیا کہ ریاست کے کیسز میں فوری حکم امتناع جاری کیا جاتا ہے۔

پرویز الٰہی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ ٹرائل کورٹ کے جج کے پاس ضمانت واپس لینے کا اختیار نہیں ہے۔ جسٹس تنویر سلطان نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔