ہسپتالوں کے دوروں کا مقصد معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے،ڈاکٹر جما ل ناصر

حافظ آباد (قمر عباس )صوبائی وزیر پرائمر ی اینڈ سیکنڈری ہیلتھ و پاپولیشن ویلفیئر پنجاب ڈاکٹر جما ل ناصر نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے چھوٹے بڑے ہسپتالوں کے دورے کیے جارہے ہیں جن کا مقصد وہاں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کر کے عوام کو علاج معالجہ کی معیار ی اور بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد پنجا ب کے بہترین ہسپتالوں میں ہے جہاں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران محدود وسائل میں رہتے ہوئے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں 1045 ڈاکٹر ز بھرتی کیے جائیں گے جس کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے منظوری لی جارہی ہے۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں لیبارٹری، ایکسرے،سی ٹی سکین،ایم آر آئی ڈیپارٹمنٹ کو بہتر بنایاگیا ہے جبکہ چھوٹے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے بیڈ ز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہارڈی ایچ کیو ہسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عمر فارو ق وڑائچ،ایم ایس ڈاکٹر شکیل احمد شاہد،ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ،اے ایم ایس ڈاکٹرجہانزیب علی بھی انکے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر جما ل ناصرنے کہا محکمہ صحت پنجاب میں ڈاکٹروں اور نرسرز کی بھرتی کے بعد بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے جب ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری ہو جائیگی تو مریضوں کو علاج معالجہ کی تمام معیاری اور بہتر سہولیات بھی دستیاب ہو نگی۔انکاکہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو ڈاکٹرمفت ادویات،لیبارٹری،ایکسرے اور دیگر سہولیات کی دستیابی کی ضرورت ہو تی ہے۔