لاہور (خبر نگار)سابق معاون خصوصی عثمان ڈار نے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہاہے 9مئی واقعات کے پلانر عمران خان تھے،منصوبہ زمان پارک میں بنا،حملوں کا مقصد فوج پر دباو ڈال کر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو عہدے سے ہٹانا تھا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عثمان ڈار نے انکشافات کرتے ہوئے کہا 9 مئی واقعات کی پلاننگ چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت زمان پارک میں ہوئی،عمران خان کی گرفتاری پر حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایت دی گئی ،ہدایت خود چیئرمین پی ٹی آئی نے دی ،اجلاسوں میں بات ہوتی تھی گرفتاری کی صورت میں ریاستی اداروں پرحملہ آورہونا ہے،عثمان ڈار نے کہا اکتوبر 2022 میں لانگ مارچ جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی روکنے کیلئے کیا گیا، 9 مئی کے حملوں کا مقصد فوج پر دباوڈال کر جنرل عاصم منیر کو عہدے سے ہٹانا تھا۔
سابق معاون خصوصی نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ہیومن شیلڈ کا استعمال کیا، ملک بھر سے زمان پارک کے باہر ورکرز اکٹھے کرکے ذہن سازی کی گئی، جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد اور زمان پارک میں جو کچھ ہوا اسی ذہن سازی کا نتیجہ تھا،کارکنوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا،اداروں پر حملوں کے بعد پی ٹی آئی کی بنیادیں ہل گئیں۔
عثمان ڈار نے کہاسانحہ9مئی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، 9 مئی سیاہ دھبہ ہے ،دھلنے میں وقت لگے گا، چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاست مخالف بیانیے کو سپورٹ کیا، پی ٹی آئی کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں، ریاست مخالف بیانیہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر بنا۔
سابق معاون خصوصی نے کہاپی ٹی آئی میں حماد اظہر، مراد سعید، اعظم سواتی ،فرخ حبیب فوج مخالف تھے، حماد اظہر، مراد سعید، اعظم سواتی اور فرخ حبیب چیئرمین پی ٹی آئی کے قریب بھی تھے، اسد عمر،عمر ایوب،علی خان،شفقت محمود اور میں فوج کےساتھ مفاہمت کی بات کرتے تھے،چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج سے ٹکراو کی پالیسی کو لیڈ کیا، 9 مئی واقعات کے بعد انقلاب نہیں زلزلہ آیا ،شرمناک سانحہ ہے،2حکومتیں ٹوٹ گئیں اگرنہ ٹوٹتی تو شاید 9 مئی بھی نہ ہوتا، 9 مئی واقعہ میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے،عدالت بلائے گی تو ضرور جاوں گا، چیئرمین پی ٹی آئی سے بہت زیادہ مایوسی ہوئی۔
عثمان ڈار نے مزید کہا سیاست میں آنے کی 2 بڑی وجہ تھیں، ملک میں 2جماعتیں پیپلزپارٹی ،ن لیگ تھیں، میری طرح لاکھوں نوجوان چیئرمین پی ٹی آئی سے متاثر تھے، چیئرمین پی ٹی آئی سے متاثر ہو کر پارٹی کو جوائن کیا،سیاست کی نوکری 24 گھنٹے ہے، سیاست میں کوئی فکس ٹائمنگ نہیں ، تقریباً 12سال سے سیاست میں ہوں، سیاست میں آنے کا مقصد تھا اپنے شہر کےلئے کچھ کروں، کامیاب جوان پروگرام کو بڑی محنت سے لانچ کیا، سیالکوٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے
سیاست وپی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہاکسی اور پارٹی میں شامل نہیں ہوں گی، ریاست اور فوج مخالف بیانیے کےساتھ چلنا مشکل ہے،تینوں بڑی جماعتوں کو بیٹھ کر ملک کےلئے سوچنا ہوگا، پاکستان ہے تو سب ہیں۔
عمران سانحہ9مئی کے منصوبہ ساز،حملوں کا مقصد فوج پر دباو ڈال کر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ہٹانا تھا،عثما ن ڈار

















