”الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے“بھارتی میڈیا نے ہردیپ سنگھ کے قتل کا الزامISIپر لگا دیا

نئی دہلی(مشرق نیوز)”الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے“بھارتی میڈیا نے ہردیپ سنگھ کے قتل کا الزام آئی ایس آئی پر لگا دیا۔

کینیڈ ین وزیراعظم کی جانب سے سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پیش کیے جانے پر بوکھلاہٹ کی شکار مودی حکومت پاکستان ،آئی ایس آئی کو بدنام کرنے کے مذموم پروپیگنڈے میں شب و روز مصروف ہے۔

بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی میڈیا نے ہردیپ سنگھ کے قتل کا الزام بغیر کسی ثبوت کے آئی ایس آئی پر لگا دیا،کینیڈین حکومت کے ٹھوس شواہد کا جواب دینے کی بجائے بھارتی میڈیا نے پاکستان کےخلاف جھوٹے پروپیگنڈے کے اپنے ہی تمام ریکارڈز توڑ دئیے۔

ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی عالمی تصدیق کے بعد بھارت کا پاکستانی ایجنسی پر الزام لگانا مضحکہ خیز ہے،بھارت کی انسانیت سوز پالیسیوں، ہمسایوں کےخلاف جعلی نیٹ ورک کا ڈھٹائی سے استعمال خطے نہیں بلکہ عالمی امن کےلئے بھی بد ترین خطرہ ہے،پاکستان اور حساس اداروں پر الزام تراشی بھارت کا وطیرہ بن گیا۔