پسپ پروگرام کے تحت جاری واٹر سپلائی سکیم کو دسمبر تک مکمل کیا جائے،کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کےلئے پسپ پروگرام کے تحت شہر میں جاری واٹر سپلائی سکیم پر کام تیز کرنے اور اسے دسمبر تک مکمل کر کے فنگشنل کرنے کی ہدایت کر دی تاکہ ثمرات جلد شہریوں کو پہنچ سکیں۔ وہ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ ذیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل محمد نواز، پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان اور انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا منصوبے کے تحت شہریوں کو 43130کنکشن فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے33813گھروں تک کنکشن پہنچا دیے گئے ہیں اور اس وقت یونین کونسل نمبر6 میں کام جاری ہے جہاں اوسطاً روزانہ 100 کنکشن فراہم کیے جا رہے ہیں، کمشنر شعیب اقبال سید نے 100کی شرح کو 200 تک بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا مرمت کے کام کو بھی مکمل کیا جائے، انہوں نے ہائی سٹریٹ پر جاری تعمیر نو کے کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حائل رکاوٹوں کو فوری حل کرنے کے لئے میونسپل کارپوریشن اور پسپ کے متعلقہ افسران کے درمیان قریبی رابطہ رکھا جائے۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ پر جاری کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے اسی ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی، سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا مڈھالی روڈ پر42انچ قطر کے پائپ بچھانے کا 90فی صد کام مکمل کرلیا گیا ہے اور 811میں سے731پائپ ڈالے جا چکے ہیں، کمشنر شعیب اقبال سید نے آڑاتلہ روڈ پر بعض ہاﺅسنگ کالونیوں کی طرف سے لگائے گئے درخت اکھاڑنے کا بھی سخت نوٹس لیا اور ان کالونیوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔