ساہیوال (بےورو رپورٹ) شہر میں جاری پسپ پروگرام کے تحت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور اب تک 43130گھریلو کنکشن فراہم کرنے کے ہدف میں سے 33370کنکشن فراہم کر دئیے گئے ہیں جبکہ موجودہ ٹیوب ویلز کی مرمت اور ان کی کپیسٹی بڑھانے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ بات سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے کمشنر آفس میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو پانی کے کنکشن لگوانے کی بھی ترغیب دی جائے تاکہ اربوں روپے کی لاگت سے مکمل کیا جانے والے اس منصوبے سے عوام کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے سکولوں اور کالجوں کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں اور صحت مراکز کی پانی کے ٹینکوں کی صفائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس تمام کام کو مکمل کرنے پر زور دیا۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ مڈھالی روڈ پر سیوریج پائپ بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک 811پائپس میں سے698پائپ ڈالے جا چکے ہیں اور روزانہ 8پائپ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس طرح 86فی صد کام مکمل ہو گیا ہے اور تمام کام اس ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائےگا۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کے احکامات پر ساہیوال ڈویژن میں بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف مہم جاری ہے جس میں 7ستمبر سے 14ستمبرکے دوران ایک ہفتے میں ڈویژن بھر میں 95لاکھ47ہزار164روپے ریکوری اور جرمانہ وصول کیا گیا جس میں سے16لاکھ61ہزار140روپے ضلع ساہیوال، 62لاکھ65ہزار547روپے ضلع اوکاڑہ جبکہ 16لاکھ20ہزار477روپے ضلع پاک پتن سے ریکور کئے گئے۔ یہ بات اسسٹنٹ کمشنر جنرل علیزہ ریحان نے تفصیلات دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ڈویژن بھر میں 12 لاکھ ایک ہزار 657 یونٹ چارج کئے گئے ہیں جن میں ایک لاکھ31ہزار31یونٹ ضلع ساہیوال، 8لاکھ58ہزار865یونٹ ضلع اوکاڑہ جبکہ 2 لاکھ 11 ہزار 791 یونٹ ضلع پاک پتن میں چارج کئے گئے۔ اسی طرح ضلع ساہیوال میں بجلی چوروں کیخلاف 81ایف آئی آرز درج کروائی گئیں ایک کو گرفتار کیاگیا، اوکاڑہ میں 320ایف آئی آرز درج کروا کر27افراد کو گرفتار کیا گیااور ضلع پاکپتن میں 65ایف آئی آرز درج کروائی گئیں اور ایک گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
شہریوں کو پانی کے کنکشن لگوانے کی ترغیب دی جائے : کمشنر ساہیوال

















