لاہور (قمر عباس) واسا ریفرنڈم میں مزدوروں کے مسائل حل کرانے کے دعوے کرنیوالے سابق سی بی اے مشعل کے صدر مزدور کی فلاح پر تنخواہ سے جمع ہونے والے چندے کی ادائیگی سے انکاری، ملازم ہر ماہ چندہ اد ا کرنے کے بعد بھی سی بی اے قائدین سے کفن دفن کے اخراجات و دیگر سہولیات کے متلاشی، قائد حزب اختلاف پھول یونین کے صدر سی بی اے فنڈ ہر ماہ ریگولر جمع کرانے کیلئے پرعزم۔ تفصیلات کے مطابق واسا میں مزدور کے مسائل حل کروانے کے نام پر مختلف ناموں سے لیبر یونین اور قائد ین سرگرم دکھائی دے رہے ہیں ہر دو سال کے بعد ریفرنڈم کا انعقاد کیا جا تا ہے جس میں مزدور کی جانب سے سی بی اے کا انتخاب کیا جاتا ہے، ملازمین کے ذاتی مسائل اور ان کی مالی تعاون کے نام پر 5945ملازمین سکیل 16سے ماہانہ سی بی اے فنڈ کے نام پر تنخواہ سے ادائیگی کی جا رہی ہے جو کہ سالانہ 7لاکھ 13ہزار سے زائد بنتی ہے جس کو صرف اور صرف ملازمین کے مسائل کو حل کرنے پر خرچ کیا جا تا ہے اور تمام مزدورں کو اس کی ادائیگی کرنے پر پابند کیا گیا ہے جبکہ سابق سی بی اے مشعل یونین کے صدر کی جانب سے مزدور سی بی اے فنڈ کی ادائیگی ہی نہیں کی جا رہی جو کہ مزدور کے ساتھ امتیازی سلوک ہے۔ سی بی اے کے صدر کی جانب سے ادائیگی نہ کرنے کا مطلب مزدور کی فلاح بہبود کے نام پر جمع ہونے والے فنڈز میں حصہ ڈالنے سے انکاری ہونا ہے جبکہ اس کے برعکس پھول یونین کے صدر سعید احمد خان کی جانب سے سی بی اے فنڈز کی ادائیگی ماہانہ بنیادوں پر کروائی جا رہی ہے جو کہ مزدور کے ساتھ ایک پیج پر ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ چار سال سے ملازمین کو سی بی اے فنڈز سے کسی قسم کی مالی اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر خرچ ہی نہیں کیا جا سکا کفن دفن ،شادی ،بیماری اور دیگر معاملات زندگی کی خاطر سی بی اے فنڈ سے مزدور کی مدد کا عمل روکا گیا ہے مبینہ طور پر سابق سی بی اے کی جانب سے لاکھوں روپے کو ریفرنڈم سے قبل نکوایا گیا اور اس کو سیاسی استعمال میں لانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ صدر پھول یونین سعید احمد خان کا کہنا ہے کہ سابق سی بی اے مشعل یونین کے صدر فاروق احمد اظہر کی جانب سے تنخواہ سے سی بی اے فنڈز کی ادائیگی سے انکاری مزدور دشمنی سے کم نہیں ہے جو مزدور کی فلاح کے نام پر ادائیگی نہیں کررہا ہے، اسکو مزدور دشمن کہنا غلط نہیں ہے۔ مزدور کے نام پر اور ان کے ووٹ سے اقتدار حاصل کرنے کے بعد ذاتی مالی مفاد حاصل کرنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ریفرنڈم 2023-25میں مزدور کے کفن چور کو مزدور دفن کرنے جارہی ہے۔
واسا ریفرنڈم،سابق سی بی اے مشعل کا صدر مزدوروں کیلئے جمع چندے کی ادائیگی سے انکاری

















