بجلی چوری روکنا قومی فریضہ، خاتمے کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) ساہیوال ڈویژن میں بجلی چوری روکنے اور ڈیفالٹرز کیخلاف جاری مہم میں 5 روز کے دوران 19لاکھ69ہزار روپے ریکور کئے گئے اور 198 مقدمات درج کروا کر 17 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا جبکہ نادہندگان اور بجلی چوروں کو 2 کروڑ 55 لاکھ روپے ریکوری ڈالی گئی۔ یہ بات کمشنر آفس میں ہونے والی بجلی چوری روکنے سے متعلق ڈویژنل عملدر آمد کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت کمشنر ساہیوا ل ڈویڑن شعیب اقبال سید نے کی۔اجلاس میں آر پی او محبوب رشید ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق ،ڈاکٹر ذیشان حنیف ،امتیاز احمد کھچی اور ڈی پی اوزفیصل جاوید ،طارق ولائت ،منصور امان، ایس ای میپکو فیاض قربان ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق اوراے سی جنرل علیزہ ریحان نے بھی شرکت کی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ میپکو اور لیسکو کا فیلڈ سٹاف انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے تاکہ جہاں بجلی چوری کی شکایت ملے فوری کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اضلاع اور تحصیل کی سطح پر کارروائیوں کو مربوط بتائیں تا کہ مطلوبہ نتائج نکل سکیں۔ انہوں نے میپکو اور لسیکو حکام کو بھر پور انتظامی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ بجلی چوری روکنا ایک قومی فریضہ ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بڑے بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے -ایس ای میپکو فیاض قربان نے بتایا کہ ضلع پاکپتن میں زرعی ٹیوب ویلز کے بلوں کی عدم ادائیگی کی سب سے زیادہ شکایات ہیں اور میپکو کو 628 زرعی ٹیوب ویلز کے 70کروڑ روپے واجبات وصول کرنے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میپکو ساہیوال ریجن میں لائن لاسز کی شرح 13فیصد ہے جس میں سے 11فیصد ٹیکنیکل لاسز جبکہ صرف دو فیصد ایڈمنسٹریٹو لاسز ہیں جن میں بجلی چوری بھی شامل ہے -کمشنر شعیب اقبال سیدنے اس مہم کے دوران درج کروائے گئے مقدمات میں ملزمان کو سزائیں دلانے کیلئے مضبوط استغاثہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا عارفوالا اور پاکپتن چوک پر تجاوزات اور بے ہنگم پارکنگ کا نوٹس، دونوں چوکوں اور بائی پاس تک سڑکوں کو ہر طرح کی تجاوزات سے پاک کیا جائے، کمشنر ساہیوال۔ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سیوریج پائپ لائن بچھانے کے بعد عارف والا روڈ کی سروس روڈ بحالی کے ساتھ ساتھ تجاوزات سے پاک کرنے کی بھی ہدایت کی -اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی-کمشنر شعیب اقبال سید نے کمیر سے گزرنے والی ہائی وے کے اطراف بھی تجاوزات ختم کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہر کی مارکیٹوں سے تجاوزات ختم کرانے کو روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ خریداری کے لئے آنے والوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے -انہوں نے ماہی شاہ قبرستان میں تجاوزات کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کارپوریشن کے حکام کو تمام تجاوزات کرنے کی ہدایت کی۔