جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنائینگے،وزیراعظم

اسلام آباد(بیورورپورٹ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنائیں گے،وزیراعظم سے مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی اور جڑانوالہ واقعہ پر بروقت اقدامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا تمام ریاستی مشینری اقلیتوں کے حقوق و تحفظ کیلئے ساتھ کھڑی ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں ،آئین ذات پات، نسل و رنگ کے امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کو سماجی، مذہبی، سیاسی اور معاشی حقوق دیتا ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہاجڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا تاکہ ایسے واقعات کا سد باب ہو سکے، اقلیتی برادری اپنے مسائل و تجویز حکومت تک پہنچائے، جہاں تک ممکن ہوا مسائل حل کرینگے ،انوار الحق کاکڑ نے کہااقلیتی برادری پاکستانی افرادی قوت کا بنیادی حصہ اورملکی ترقی میں اہم کردار ہے۔

وزیراعظم نے زور دیا ایک دوسرے کے عقیدوں کے احترام سے ہی پر امن و خوشحال معاشرے کی تشکیل ہو سکتی ہے، انتہا پسندی کو ختم کرنے کےلئے تمام طبقات کو کردار ادا کرنا ہو گا،وفد نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے خالد جارج کی بطور نگراں وفاقی وزیر انسانی حقوق تقرری کو خوش آئند قرار دیا۔

دریں اثنا وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنحسین نے ملاقات کی ،نگران وزیر خرانہ شماد اختر بھی شریک تھیں ، انوار الحق کاکڑ نے کہا عالمی بنک پاکستانی پسماندہ علاقوں بالخصوص بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں کی ترقی کیلئے کردار ادا کر رہا ہے،حکومت کی ترجیح ہے پسماندہ علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔

نگران وزیراعظم نے کہاعالمی بنک نے 2022کے تاریخی سیلاب میں متاثرہ لوگوں کی مدد و بحالی میں اپنا کردار ادا کیا،متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی کے کام کو جلد مکمل کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن انتظامی مدد فراہم کرے گی۔

ناجے بنحسین نے وزیر اعظم کو عالمی بنک کے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی، سندھ میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں و جنیوا میں عالمی بنک کی طرف سے سیلاب متاثرین کےلئے اعلان کی گئی امدادی رقم کی فراہمی پر ہونےوالی پیشرفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

مزید برآںنگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے حاجیوں کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے کرلیے، حج انتظامات کے جائزے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا،وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو حج 2023 میں حجاج کی شکایات پر جامع رپورٹ پیش کرنے اور حجاج کی سہولیات و شکایات کے اندراج کیلئے موبائل ایپلی کیشن و ویب سائٹ بنانے کی ہدایت کر دی۔

انوار الحق کاکڑ نے نجی حج کمپنیوں کی شکایات پر رپورٹ پیش کرنے و نظام کیلئے اصلاحاتی کمیٹی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کی جائے،یقینی بنایا جائے نجی کمپنیوں سے جانے والے حاجیوں کو کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں، حجاج کےلئے کیے جانےوالے انتظامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔