سرکاری سکولوں، کالجوں میں واٹر ٹینکوں کی صفائی یقینی بنائی جائے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈویژن کے تمام سرکاری سکولوں اور کالجوں میں واٹر ٹینکوں کی فوری صفائی کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے اس سلسلے میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور میونسپل اداروں کے چیف افسران کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ ان ٹینکوں کی فوری صفائی کروا کر انہیں ہر ٹینکی کی صفائی کئے جانے کا سرٹیفکیٹ بھی بھجوایا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت طلبہ و طالبات کو صاف پانی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے دی تاکہ انہیں آلودہ پانی سے ہونے والی بیماریوں سے بچایا جا سکے۔ دریں اثناءاپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے فرید ٹان میں متعدد روز سے 21انچ سیوریج پائپ ڈالنے کا کام بند ہونے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا جس سے شہری آمدورفت کی مشکلات کا شکار ہیں اور سٹی منیجر پسپ کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام فوری شروع کرایا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد،اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ مڈھالی رود پر 42انچ قطر کا سیوریج پائپ ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک811میں سے 670پائپ ڈالے جا چکے ہیں اور اس طرح80فی صد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مڈھالی روڈ کا کام اسی ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائےگا۔