لاہور (نوید چودھری) محکمہ انسداد رشوت ستانی کے مقدمہ میں نامزد ملزم کلرک قیصر حنیف کا میٹروپولیٹن کارپوریشن کی سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی پر قبضہ برقرار، معطلی اور محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنے والے کلرک کے قبضے سے سرکاری اراضی کو واگزار کرانے میں ایڈمنسٹریٹر سمیت پورا محکمہ بے بسی کا شکار۔ تحصیل رائیونڈ کی حدود خود پور میں واقع 852 کنال زرعی اراضی پر کلرک قیصر حنیف نے قبضہ کر رکھا ہے جس میں سے 5 ایکڑ زیر کاشت رقبہ کو کلرک نے فی ایکڑ ایک لاکھ روپے کے حساب سے ٹھیکہ پر دے رکھا ہے جبکہ زیر کاشت رقبہ کو پانی سے سیراب کرنے کے علاوہ لائٹوں کے اہتمام کےلئے اپنا ناجائز اثرورسوخ استعمال کرکے علامہ اقبال زون کے ذریعے جنریٹر اور پٹرول حاصل کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سابقہ میئر کرنل (ر) مبشر نے 2018 میں مذکورہ اراضی کا قبضہ واگزار کروا کر ایم سی ایل کے حوالے کر دیا تھا مگر تب سے آج تک مذکورہ رقبہ سے ایم سی ایل کو کوئی مالی فائدہ نہ مل سکا جبکہ کلرک قیصر حنیف نے بڑی مکاری سے مجاز افسران میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن اور چیف افسر کو گمراہ کرکے زرعی اراضی پر خود قبضہ کررکھا ہے۔ یاد رہے کہ مذکورہ کلرک بے انتہا کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر اینٹی کرپشن کے مقدمہ کے ساتھ کڑی تفتیش کا بھی سامنا بھی کررہاہے جبکہ ملزم کے خلاف محکمہ بلدیات بھی کا رروائی کررہا ہے مگر میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ایڈمنسٹریٹر علی رندھاوا کلرک قیصر حنیف کی کارسرکار میں مداخلت کو مکمل طور پر روکنے میں بے بس دکھائی دے رہی ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن، رشوت کے مقدمہ میں نامزد کلرک سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی پر بدستور قابض
















