ایشین گیمز میں پہلا ہدف پاکستان کا نیشنل ریکارڈ بنانا ہے: ایتھلیٹ تامین خان

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ تامین خان نے ایشین گیمز میں اچھی پرفارمنس کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں ان کا پہلا ہدف پاکستان کا نیشنل ریکارڈ بنانا ہے۔ایشین گیمز 23 ستمبر سے چین کے شہر ہینگزو میں ہوں گے جس میں تامین خان 100 میٹر اور 200 میٹر دوڑ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔اس حوالے سے تامین خان نے کہا کہ میں ان دونوں ایونٹس کا ریکارڈ بڑے مارجن سے بہتر کرنے کے لیے کافی محنت کر رہی ہوں۔پاکستان کے قومی ریکارڈز میں 100 میٹر کا ریکارڈ 11.81 سیکنڈز کے ساتھ نسیم حمید اور صدیق صدیقی کے پاس ہے، تامین خان نے گزشتہ سال ہونے والی قومی چیمپئن شپ میں 11.86 سیکنڈز کی ٹائمنگ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ تامین خان نے کہا کہ ایشین گیمز بڑا ایونٹ ہے اور کافی مشکل مقابلے ہوں گے، کوشش ہوگی کہ میں سیمی فائنل اور فائنل کیلئے کوالیفائی کروں۔