بھارت کے سکول میں ٹیچر کا طلبہ کو مسلمانوں سے نفرت کا درس

نئی دہلی (مشرق نیوز) بھارت کے سکول میں ٹیچر طلبہ کو مسلمانوں سے نفرت کا درس دینے لگے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ایک پرائیویٹ سکول میں خاتون ٹیچر کلاس میں موجود طلبہ کو مسلمان طالب علم کو تھپڑ مارنے کی ہدایت کرتی ہے جس کی ویڈیو اب پولیس کو بھی مل گئی ہے، اب اس ٹیچر کے خلاف محکمہ تعلیم کو ایکشن لینے کیلئے کہا جائے گا۔اس معاملے سے متعلق بھارتی پولیس کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا لڑکا مسلمان ہے، خاتون ٹیچر نے ریاضی کے ٹیبل نہ سیکھنے پر کلاس میں موجود دیگر طالب علموں کو لڑکے کو تھپڑ مارنے کو کہا اور اس حوالے سے اسکول کی پرنسپل سے بھی بات کی ہے۔بھارتی پولیس نے تصدیق کی کہ خاتون ٹیچر نے تعصبانہ جملے بھی استعمال کیے۔بھارتی پولیس افسر نے بتایا کہ خاتون ٹیچر نے کہا ہے کہ مسلمان بچوں کی مائیں جو اپنے بچوں کی پڑھائی پر توجہ نہیں دیتیں وہ ان کے تعلیمی زوال کی ذمہ دار ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بچوں کے حقوق کی تنظیم کی جانب سے بھی ٹیچر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔