ڈی سی ، ایس ایس پی پر فرد جرم کیلئے28اگست کی تاریخ مقرر

اسلام آباد (بیورورپورٹ)توہین عدالت کیس میںڈی سی اسلام آباد، ایس ایس پی پرفرد جرم کیلئے 28اگست کی تاریخ مقرر کردی گئی۔

جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن اور ایس ایس پی آپریشنز کےخلاف توہین عدالت کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا شوکاز نوٹس پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ،ایس ایس پی آپریشنز کا جواب غیر تسلی بخش ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن اور ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر پر 28 اگست کو فرد جرم عائد ہو گی، ایم پی او پر پہلے سے جاری فیصلے کی خلاف ورزی کی گئی،عدالت نے کہا جون میں شہریار کے خلاف جاری ایم پی او ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دیا مگر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے شہریار آفریدی کے خلاف دوبارہ صرف سورس رپورٹ پر غیر قانونی آرڈر جاری کیا، ڈی سی راولپنڈی کے ایم پی او آرڈر ختم ہونے پر اگلے روز ڈی سی اسلام نے ایم پی او جاری کیا۔

فیصلے میں کہاگیابادی النظر میں ڈی سی اسلام آباد نے کورٹ آرڈرز کی خلاف ورزی کی، ہائیکورٹ کا آرڈر انتظامیہ پر لازم نہ ہونے کا تاثر دیکر ڈی سی نے نظام انصاف کو نیچا دکھانے کی کوشش کی، ہائیکورٹ فیصلے کے باوجود ایگزیکٹو آرڈر جاری کرکے ڈی سی نے نظام انصاف کو بے کار سمجھا، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ڈی سی) چاہے تو دوبارہ تفصیلاً اپنا جواب جمع کرا سکتا ہے۔

عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کا جواب بھی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا بادی النظر میں ایس ایس پی آپریشنز نے سورس رپورٹ ربڑ سٹیمپ کے طور پر لی، ایس ایس پی آپریشنز نے بھی عدالت احکامات کی خلاف ورزی کی۔